ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کے مبینہ منصوبہ ساز پر فردِ جرم عائد

فائل فوٹو

  • ریان ویسلے روتھ نامی ملزم پر ابتدائی طور پر آتشی اسلحہ رکھنے کے دو الزامات عائد کیے گئے تھے۔
  • محکمۂ انصاف نے منگل کو ملزم پر پانچ مختلف الزامات کی فردِ جرم عائد کی ہے۔
  • ملزم ری پبلکن صدارتی امیدوار اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 15 ستمبر کو قتل کرنا چاہتا تھا: محکمۂ انصاف
  • ملزم روتھ نے ایک ہاتھ سے لکھی تحریر میں اپنے ارادے کا بھی ذکر کیا ہے: پراسیکیوٹر
  • صدارتی امیدوار کو قتل کرنے کی کوشش کے الزامات ثابت ہونے کی صورت میں ملزم کو عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

ویب ڈیسک — امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کے مبینہ منصوبہ ساز ملزم پر فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔

ریان ویسلے روتھ نامی ملزم پر ابتدائی طور پر آتشی اسلحہ رکھنے کے دو الزامات عائد کیے گئے تھے۔ تاہم اب محکمۂ انصاف نے منگل کو ملزم پر پانچ مختلف الزامات کی فردِ جرم عائد کی ہے۔

محکمۂ انصاف کے مطابق ملزم ری پبلکن صدارتی امیدوار اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 15 ستمبر کو اس وقت قتل کرنا چاہتا تھا جب وہ فلوریڈا میں اپنے نجی پام بیچ گول کورس میں گالف کھیل رہے تھے۔

پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم روتھ نے ایک ہاتھ سے لکھی تحریر میں اپنے ارادے کا بھی ذکر کیا ہے۔

صدارتی امیدوار کو قتل کرنے کی کوشش کے الزامات ثابت ہونے کی صورت میں ملزم کو عمر قید کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔

مذکورہ کیس ڈسٹرکٹ جج ایلین کینن سنیں گی جنہیں ٹرمپ نے نامزد کیا تھا۔

جج ایلین اس سے قبل ٹرمپ کے خلاف خفیہ دستاویزات کیس خارج کر چکی ہیں۔ تاہم اسپیشل کونسل جیک اسمتھ کی ٹیم جج ایلین کے فیصلے کے خلاف اپیل کا ارادہ رکھتی ہے۔

سابق صدر ٹرمپ کے قتل کی کوشش کی فردِ جرم پیر کو سماعت کے موقع پر عدالت میں پیش کی گئی تھی۔ پراسیکیوٹر نے دلائل دیے کہ 58 سالہ روتھ عوام کے لیے خطرہ ہیں۔ اس لیے انہیں جیل میں قید رکھا جائے۔

پراسیکیوٹر نے الزام عائد کیا کہ ملزم نے 15 ستمبر کو گرفتاری سے مہینوں قبل ہی ٹرمپ کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا لیا تھا اور ہاتھ سے لکھی تحریر میں اسے "ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی کوشش" کو ناکام لکھا تھا اور کہا تھا کہ وہ یہ کام منطقی انجام تک پہنچانے والے کو ڈیڑھ لاکھ ڈالر ادا کرے گا۔

پراسیکیوٹرز کے مطابق یہ تحریر ایک ڈبے میں تھی جسے روتھ نے ایک نامعلوم گواہ کے گھر کے باہر رکھا تھا۔

پراسیکیوٹر کے مطابق روتھ کی گاڑی سے ایک ایسی فہرست بھی برآمد ہوئی ہے جس میں اگست، ستمبر اور اکتوبر کے وہ وینیوز درج ہیں جہاں ٹرمپ پروگراموں میں شرکت کرنے والے تھے یا ان کی شرکت متوقع تھی۔

SEE ALSO: فلوریڈا میں ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی کوشش؛ مشتبہ حملہ آور کی شناخت ہو گئی

واضح رہے کہ 15 ستمبر کو ٹرمپ گولف کورس میں گالف کھیل رہے تھے کہ اس دوران سیکریٹ سروس کے اہلکار نے جھاڑیوں سے بندوق کی نالی دیکھتے ہوئے فائرنگ کی۔ بعدازاں یوتھ کو مشتبہ شخص کی حیثیت سے حراست میں لے لیا گیا تھا۔

روتھ کو ایسے موقع پر حراست میں لیا گیا تھا جب دو ماہ قبل ہی ریاست پینسلوینیا میں ایک جلسے سے خطاب کے دوران ٹرمپ قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے تھے۔ حملہ آور نے عمارت سے ٹرمپ پر فائرنگ کی تھی لیکن گولی ان کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی تھی۔

امریکہ میں پانچ نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ہیں جن کا مقابلہ نائب صدر اور ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار کاملا ہیرس سے ہے۔