یورپی کارساز کمپنی مرسڈیز بینز نے بدھ کے روز کہا ہے کہ وہ روسی مارکیٹ سےنکل جائے گی اور اپنی صنعتی اور مالیاتی سروسز کے ذیلی اداروں کے حصص مقامی سرمایہ کار کو فروخت کردے گی، اس طرح روس چھوڑ کر جانے والی آٹو کمپنیوں میں سے تازہ ترین واقعہ ہے۔
جاپان کی آٹو کمپنی نسان کو اس مہینے اس وقت 68 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا جب اس نے روس میں اپنے کاروبار کو ایک یورو کے عوض ایک سرکاری ادارے کے سپرد کردیا ۔ اس سے پہلے رینو نے روس کی آٹو کمپنی ایٹوواز میں اپنے زیادہ تر حصص محض ایک روبل کے عوض فروخت کر دیے تھے۔
مرسڈیز بینز روس نے کہا ہے کہ مقامی ذیلی کمپنیوں کے حصص، کار ڈیلر چین ایٹوڈوم کو فروخت کیے جائیں گے۔ مرسڈیز کے چیف فنانشل آفیسر ہیرالڈ ولیم نے تیسری سہ ماہی کے نتائج پیش کرتے ہوئے کہا کہ مالی سودوں کو دیکھتے ہوئے یہ توقع نہیں تھی کہ پچھلی سہ ماہیوں کے مقابلے میں گروپ کے منافع اور مالی پوزیشن میں کوئی بہتری ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کاروباری لین دین کاحتمی معاہدہ اتھارٹی کی منظوری اور طے شدہ شرائط کے مطابق ہو گا۔
نسان اور رینودونوں نے معاہدے میں چھ سال کے اندر اپنے کاروبار واپس خریدنے کی شقیں شامل کی ہیں۔ روس کے روزنامہ ویدوموسٹی نے ایک ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرسڈیز کے ساتھ معاہدے میں بھی ایسی ہی ایک شق شامل ہو سکتی ہے۔
مرسڈیز کے ایک ترجمان نے کہا کہ روسی ٹرک میکر کمپنی کاماز میں اس کے 15فی صد حصص مطلوبہ سودے سے متاثر نہیں ہوں گے اوروہ منصوبے کے مطابق اس سال ڈیملر ٹرک کو منتقل ہوجانے چاہئیں۔
آئٹو ڈوم نے کہا کہ وہ ماسکو کے شمال مغرب میں ایسی پوو انڈسٹریل اسٹیٹ میں ، مرسڈیز بینز کےپروڈکشن پلانٹ کو چلانے کے لیے ایک ٹیکنالوجی پارٹنر کا انتخاب کرے گا۔
مرسڈیز بینز روس کی سی ای او ،نتالیہ کورولیوا نے ایک بیان میں کہا کہ سودے کی شرائط پر اتفاق کرنے کی بنیادی ترجیحات میں روسی صارفین کے ساتھ فروخت کے بعد کی سروسز اور مالیاتی خدمات کے وعدوں کو زیادہ سے زیادہ پورا کرنا اور کمپنی کے روسی ڈویژنوں میں کام کرنے والوں کی ملازمتوں کو تحفظ دینا شامل ہے۔
مرسڈیز نے مارچ کے شروع میں ہی روس میں اپنی پیدوار روک دی تھی۔
ایسوسی ایشن آف یورپین بزنسز یعنی اے ای بی نے کہا کہ روس میں جنوری سے ستمبر تک 9,558 مرسڈیز گاڑیاں فروخت ہوئیں جواس سے ایک سال پہلے کے مقابلے میں 72.8 فیصد کم ہیں۔
اس رپورٹ کے لیے معلومات خبررساں ادارے رائٹرز سے لی گئی ہیں۔