ایلون مسک نے جمعے کو ٹوئٹر کی نئی چیف ایگزیکیٹو آفیسر (سی ای او)کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب لنڈا یاکیرینو ٹوئٹر کی نئی سی ای او بن گئیں ہیں۔
ایلون مسک نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ میں " لنڈا یاکیرینو کوٹو ئٹر کو نئی سی ای او کے طور پر خوش آمدید کہتے ہوئے پُر جوش ہوں۔"
انہوں نے بتایا کہ لنڈا بنیاد طور پر ٹوئٹر کے بزنس آپریشنز پر توجہ دیں گی جب کہ وہ خود پراڈکٹ ڈیزائن اور نئی ٹیکنالوجی پرنظر رکھیں گے۔
یاد رہے کہ ایلون مسک نے جمعرات کو کہا تھا کہ انہیں ٹوئٹر کا نیا سی ای او مل گیا ہے جو کہ ایک خاتون ہیں۔ انہوں نے نئی سی ای او کا نام بتائے بغیر کہا کہ وہ تقریباً چھ ہفتوں میں کام شروع کریں گی۔
لنڈا یاکیرینو امریکی میڈیا کمپنی این بی سی یو کی گلوبل ایڈورٹائزنگ اور پارٹنرشپس کی چیئرمین رہ چکی ہیں۔ وہ تقریباً ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے اس ادارے کے ساتھ منسلک رہیں۔ جہاں وہ اشتہارات کے مؤثر ہونے کی جانچ کے بہتر طریقے تلاش کرتی تھیں۔
این بی سی یو کی ایڈورٹائزنگ سیلز کی سربراہ کے طور پرانہوں نے 'پی کاک' اسٹریمنگ سروس کے آغاز میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
یاد رہے کہ مسک نے گزشتہ برس نومبر میں 44 ارب ڈالرز میں ٹوئٹر خریدا تھا اوراس وقت سے ہی وہ اسے چلا رہے ہیں۔لیکن ایلون مسک طویل عرصے سےزور دے رہے ہیں کہ وہ کمپنی کے مستقل سی ای او نہیں ہیں۔
ٹوئٹر خریدنے کے چند ہفتے بعد ہی مسک نے امریکی ریاست ڈیلاویئر کی عدالت کو بتایاتھا کہ وہ کسی کمپنی کا سی ای او نہیں بننا چاہتے۔ انہوں نے کہا تھا کہ "میں ٹوئٹر پر اپنا وقت کم کرنے اور وقت کے ساتھ ساتھ اسے چلانے کے لیے کسی اور کو تلاش کے لیے پرامید ہوں۔"
SEE ALSO: ٹوئٹر چلانے کے لیے چھانٹیوں سمیت مشکل فیصلے کرنے پڑے: مسکایک ماہ سے زیادہ عرصے کے بعد انہوں نے دسمبر میں ٹویٹ کیا تھا کہ "جیسے ہی مجھے کوئی ایسا شخص ملتا ہے جو اتنا 'بدھو' ہو کہ یہ عہدہ سنبھالنے کو تیار ہوجائے، میں بطور سی ای او استعفیٰ دے دوں گا۔"
ایلون مسک کا یہ وعدہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا تھاجب ٹوئٹر کے لاکھوں صارفین نے اس پول میں ان کے سبکدوش ہونےکے حق میں ووٹ دیا تھا ۔ یہ پول مسک نے خود پیش کیا تھا اور اس کی پاسداری کا وعدہ کیا تھا۔
فروری میں انہوں نے ایک کانفرنس میں کہا تھا کہ "انہیں توقع ہے کہ اس سال کے آخر تک سان فرانسسکو میں قائم ٹوئٹر کے لیے سی ای او مل جائے گا۔"
اس خبر کے لیے معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔