امریکی ایوانِ نمائندگان میں ہوم لینڈ سکیورٹی کمیٹی کے سربراہ نے اِس ہفتے کے اواخر میں امریکی مسلمانوں میں انتہا پسندی کےموضوع پرسماعت کرانے کےاپنے پروگرام کا دفاع کیا ہے۔
ریاستِ نیو یارک کے ری پبلیکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایوان کے رُکن، پیٹر کِنگ نے اتوار کو ایک امریکی ٹیلی ویژن چینل کو بتایا کہ جمعرات کو ہونے والی اِس سماعت کا جواز ہے، کیونکہ القاعدہ کے اکسائے ہوئے امریکیوں سے قوم کو سکیورٹی کاخطرہ لاحق ہے۔
تاہم، اُسی پروگرام میں امریکی کانگریس کے پہلے منتخب کانگریس مین، کیتھ الیسن، جو ڈیموکریٹ ہیں اور جِن کا تعلق ریاست ِمنی سوٹا سےہے، کا کہنا تھا کہ اُنھیں اِس بات کی پریشانی لاحق ہے کہ ایک واحد مذہبی اقلیت کو تفتیش کے لیے سامنے لایا جارہا ہے۔
توقع ہے کہ اتوار کو نیو یارک میں سماعت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔