شریف خاندان، اسحاق ڈار کے خلاف چار نیب ریفرنس منظور

فائل

'نیب' کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد امکان ہے کہ یہ ریفرنس جمعے کو مختلف شہروں کی احتساب عدالتوں میں دائر کردیے جائیں گے۔

پاکستان کے قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ نے شریف خاندان کے خلاف تین اور اسحاق ڈار کے خلاف ایک ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

نیب ایگزیکٹو بورڈ کا ایک اہم اجلاس چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی صدارت میں جمعرات کو اسلام آباد میں ہوا جس میں لاہور اور راولپنڈی ریجنز کی جانب سے تیار کیے جانے والے چاروں ریفرنسز کی منظوری دی گئی۔

نیب نے چاروں ریفرنس سپریم کورٹ کے پاناما پیپرز سے متعلق مقدمے کے فیصلے کی روشنی میں تیار کیے ہیں۔

نیب راولپنڈی کی جانب سے ایک ریفرنس شریف خاندان کی ملکیت میں موجود 15 غیر ملکی کمپنیوں جب کہ دوسرا عزیزیہ مل کی خریدو فروخت کے معاملے پر دائر کیا جائے گا۔

نیب لاہور نوازشریف اور ان کے بچوں - حسن، حسین اور مریم نواز - اور ان کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف ایون فیلڈ اپارٹمنٹس لندن کے حوالے سے ریفرنس دائر کرے گا۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس ان کی آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی بنیاد پر دائر کیا جائے گا۔

'نیب' حکام کے مطابق شریف خاندان کی مبینہ غیر ملکی کمپنیوں میں شپ انویسٹمنٹ، ہارٹ اسٹون پراپرٹیز، کیو ہولڈنگز، کیونٹ ایٹون پلیس ٹو، کیونٹ سالوانے (سابقہ کیونٹ ایٹن پلیس لمیٹڈ)، کیوٹن لمیٹڈ، فلیگ شپ سیکیورٹیز، کیونٹ گلوسیسٹرپلیس، کیونٹ پاڈنگٹن (سابقہ ریویٹس اسٹیٹ لمیٹڈ)، فلیگ شپ ڈویلپمنٹس، برطانوی جزیرے ورجن آئی لینڈ کی الانے سروسز، لنکن ایس اے (بی وی آئی)، شیڈرون اینک، اینسبیچر، کومبر اور کیپٹل فری زون اسٹیبلشمنٹ (دبئی) شامل ہیں۔

'نیب' کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد امکان ہے کہ یہ ریفرنس جمعے کو مختلف شہروں کی احتساب عدالتوں میں دائر کردیے جائیں گے۔

نیب لاہور کی جانب سے ریفرنس راولپنڈی کی احتساب عدالت جب کہ نیب راولپنڈی کے ریفرنس اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کیے جانے کا امکان ہے۔

نیب ہیڈ کوارٹر نے دو ریفرنسز کی منظوری کی کاپیاں نیب لاہور اور دیگر دو ریفرنسز کی کاپیاں نیب راولپنڈی کو ارسال کردی ہیں۔

پاناما پیپرز سے متعلق مقدمے میں 28 جولائی کو دیے گئے اپنے فیصلے میں عدالتِ عظمیٰ نے 'نیب' کو چھ ہفتوں کے اندر شریف خاندان کے خلاف ریفرنس دائر کرنےکی ہدایت کی تھی جو 8 ستمبر کو مکمل ہورہی ہے۔