نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 18 برس بعد پاکستان کا دورہ کرے گی جس کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
کیویز ٹیم تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے 11 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی جس کے بعد مہمان ٹیم کو 14 ستمبر تک قرنطینہ میں رہنا ہو گا۔
آخری مرتبہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے 2003 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس وقت انضمام الحق کی قیادت میں پاکستان نے اپنی سرزمین پر کیویز ٹیم کو پانچ میچز کی ون ڈے سیریز میں 0-5 سے شکست دی تھی۔
پی سی بی کے مطابق رواں برس نیوزی لینڈ کے دورۂ پاکستان کے لیے ون ڈے سیریز میں شامل تین میچز راولپنڈی اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی اس دورے کی تصدیق کرتے ہوئے پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کیا ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کے تین میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جب کہ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 25، 26، 29 ستمبر اور پھر یکم اور تین اکتوبر کو شیڈول ہیں۔
سیریز میں شامل تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے آئندہ سال دوبارہ پاکستان آئے گی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ سیزن کا بہترین آغاز ہو گا یہی نہیں مہمان ٹیم کا دورہ پاکستانی شائقین کرکٹ کی توجہ حاصل کرنے اور پاکستان کو ایک محفوظ و پرامن ملک ثابت کرے گا۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے چیف ایگریکٹو ڈیوڈ وائٹ کا کہنا ہے کہ "ہمارے پی سی بی کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں اور ہم پاکستان کے ہوم انٹرنیشنل سیزن کے آغاز کے سلسلے میں دورہ کرنے کے منتظر ہیں۔''
انہوں نے مزید کہا کہ خوشی ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہو چکی ہیں۔