امریکہ کی جانب سے اورکزئی اور کراچی حملوں کی ’’شدید‘‘ مذمت

فائل

امریکی محکمہٴ خارجہ نے اورکزئی ایجنسی اور کراچی میں جمعے کے روز ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، جن میں 30 سے زائد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔

ایک اخباری بیان میں محکمہٴ خارجہ کی ترجمان، ہیدر نوئرٹ نے کہا ہے کہ ’’ہم ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے خواہاں ہیں‘‘۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’کراچی میں چین کے قونصل خانے پر حملے کے بعد پاکستانی سکیورٹی فورسز کی جانب سے فوری اور دلیرانہ جوابی کارروائی کو بھی سراہتے ہیں، جس کے باعث مزید جانی نقصان سے بچا گیا‘‘۔

ترجمان نے کہا کہ ’’ایسے دہشت گردانہ عمل کا سامنا کرنے کے حوالے سے امریکہ پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے، جب کہ ہم خطے میں ایسے خطرات سے نبردآزما ہونے کے سلسلے میں حکومت پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے‘‘۔