پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے میچز کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ شیڈول کے مطابق مہمان کیویز ٹیم پانچ ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔
پی سی بی نے پیر کو جاری اعلامیے میں بتایا ہے کہ دونوں کرکٹ بورڈز نے اتفاق رائے سے کیویز ٹیم کے دورۂ پاکستان میں چند تبدیلیاں کی ہیں۔
پی سی بی کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ون ڈے میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے گی۔
نئے شیڈول کے مطابق ابتدائی تین ٹی ٹوئنٹی میچز 14، 15 اور 17 اپریل کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جب کہ بقیہ دو میچز 20 اور 24 اپریل کو راولپنڈی میں ہوں گے۔
اسی طرح ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 26 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ ایک روزہ سیریز کے بقیہ چاروں میچز 30 اپریل، تین مئی، پانچ مئی اور سات مئی کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول ہیں۔
اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چار میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول تھے جب کہ راولپنڈی اور لاہور کو ون ڈے میچز کی میزبانی سونپی گئی تھی۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ ٹیم کا یہ دورۂ پاکستان میں کھیلے جانے والی سیریز کا دوسرا مرحلہ ہے۔ اس سے قبل کیویز ٹیم پہلے مرحلے میں 27 دسمبر سے 15 جنوری تک دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیل چکی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے پیر کو جاری کردہ شیڈول سے قبل نیوزی لینڈ ٹیم کو پاکستان میں ابتدائی چار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز 13، 15، 16 اور 19 اپریل کو کراچی میں کھیلنا تھے جب کہ پانچواں ٹی ٹوئنٹی 23 اپریل کو لاہور میں شیڈول تھا۔
پرانے شیڈول کے مطابق نیوزی لینڈ کو لاہور میں دو ون ڈے 26 اور 28 اپریل کو, جب کہ یکم مئی، چار مئی اور سات مئی کو بقیہ میچز راولپنڈی میں کھیلنا تھے۔