ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 33 رنز سے شکست دے دی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 33 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کی اُمیدوں کو برقرار رکھا ہے۔

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹںگ کا فیصلہ کیا تو ابتدا میں گرین شرٹس مشکلات سے دوچار رہے۔ لیکن شاداب خان اور افتخار احمد کی جارحانہ بیٹںگ کی بدولت پاکستان نے نو وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔

اوپننگ بیٹر محمد رضوان ایک مرتبہ پھر ناکام رہے۔ وہ اوور کی چوتھے گیند پر پارنیل کی گیند پر بولڈ ہو گئے جس کے بعد فخر زمان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے محمد حارث کریز پر آئے اور انہوں نے اپنی دھواں دھار اننگز کا آغاز کیا ہی تھا کہ 38 کے مجموعے پر وہ 28 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

حارث نے اپنی اننگز میں تین چھکے اور دو چوکے لگائے۔بعدازاں شان مسعود دو اور محمد نواز 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد اور شاداب خان نے 36 گیندوں پر 82 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو زبردست ٹوٹل فراہم کیا۔

شاداب نے چھ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر 52 رنز بنائے جب کہ افتخار احمد نے دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 35 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے آرنچ نوکیا نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے 41 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقہ کا اسکور جب نو اوورز میں 69 تھا تو سڈنی میں بارش شروع ہو گئی جس کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو جنوبی افریقہ کو 30 گیندوں پر 73 رنز کا ہدف دیا گیا۔ لیکن جنوبی افریقہ کی ٹیم نو وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنا سکی۔

SEE ALSO: 'پاکستان ٹیم کے کمزور اعتماد کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے'

پاکستان کی کامیابی کے بعد اب گروپ ٹو میں صورتِ حال مزید دلچسپ ہو گئی ہے اور پاکستان نے اب بھی سیمی فائنل تک رسائی کے لیے اُمیدیں برقرار رکھی ہیں۔

گروپ ٹو میں اگر زمبابوے بھارت کو شکست دے یا نیدرلینڈز اور جنوبی افریقہ کا میچ یا تو بارش کے باعث منسوخ ہو یا نیدرلینڈز اپ سیٹ کر دے تو پھر پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔ لیکن اس سے قبل پاکستان کو سپر 12 کے اپنے آخری میچ میں بنگلہ دیش کو بھی شکست دینا ہو گی۔

بھارت سپر فور مرحلے میں اپنا آخری میچ زمبابوے کے خلاف اتوار کو کھیلے گا۔ اس میچ میں اپ سیٹ ہونے کی صورت میں بھارت کے پوائنٹس کی تعداد چھ رہے گی اور پاکستان اپنے بقیہ دونوں میچز جیت لیتا ہے تو دونوں ٹیموں کے پوائنٹس کی تعداد برابر ہو جائے گی اور سیمی فائنل مرحلے میں وہی ٹیم جگہ بنائے گی جس کا نیٹ رن ریٹ زیادہ ہو گا۔

اسی طرح جنوبی افریقہ کے خلاف نیدرلینڈز نے کوئی اپ سیٹ کر دیا یا بارش کے باعث میچ نہ ہو سکا تو افریقی ٹیم کو ایک پوائنٹ ملے گا۔ اس صورت میں جنوبی افریقہ کے پوائںٹس کی تعداد بھی چھ ہو جائے گی اور اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا فیصلہ بھی رن ریٹ پر ہو گا۔