پاکستانی عوام حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں: الظواہری

ایک نئے ویڈیو میں القاعدہ کے لیڈر ایمن الظواہری نے پاکستانی مسلمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستانی لیڈر اپنی جیبیں بھرنے کے لیے افغانستان اور پاکستان میں مسلمانوں کا خون بہا رہے ہیں

القاعدہ نے پاکستانیوں پر زور دیاہے کہ وہ مصر اور تیونس کے عوام کی مثال سامنے رکھتے ہوئے ملک میں انقلاب برپا کریں۔

القاعدہ کی جانب سے یہ اپیل جمعے کو انٹرنیٹ پر پوسٹ کی جانے والی دس منٹ دورانیے کی ایک ویڈیو میں کی گئی ہے۔

ویڈیو میں القاعدہ کے لیڈر ایمن الظواہری نے پاکستانیوں سے کہاہے کہ وہ رشوت خور حکمرانوں اور غدار جرنیلوں کے سامنے اٹھ کھڑے ہوں ۔

پاکستانی مسلمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے االظواہری نے کہاہے کہ پاکستانی لیڈر اپنی جیبیں بھرنے کے لیے افغانستان اور پاکستان میں مسلمانوں کا خون بہا رہے ہیں اور وہ کبھی آپ کے تحفظ کے لیے کچھ نہیں کریں گے۔

الظواہری نے کہا کہ القاعدہ وارن وین سٹین کو اس وقت تک رہا نہیں کرے گی جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں کردیے جاتے۔ ترقیاتی امور کے اس امریکی ماہر کو پاکستان میں اپنے قیام کے دوران اغوا کر لیا گیا تھا۔

دہشت گردی کے انسداد سے متعلق ادارے انٹل سینٹر نے کہاہے کہ بظاہر ایسا دکھائی دیتا ہے کہ مذکورہ ویڈیو پیغام کی ریکارڈنگ فروری میں ہوئی تھی۔

القاعدہ نے گذشہ ماہ بھی ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں صدر بشارالاسد کے خلاف شام کے باشندوں کی جدوجہد کی حمایت کی گئی تھی۔ اس ویڈیو میں الظواہری نے ہمسایہ ممالک پر زور دیا تھا کہ وہ شام میں حکومت مخالفین کی مدد کے لیے آگے آئیں۔