پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر انتخاب عالم نے تصدیق کی ہے کہ سابق کپتان جاوید میاں داد نے ذاتی وجوہات کی بنا پر قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ بننے کی پیشکش مسترد کردی ہے۔
دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کے آغاز پر منگل کو لاہور میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ اور فیلڈنگ میں کارکردگی کو بہتر کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ اور کپتان شاہد آفریدی نے میانداد کو کوچ بننے کے لیے رابطہ کیا تھا۔
”پاکستانی ٹیم کو یقیناً ایک بیٹنگ کوچ کی ضرور ت ہے اوربورڈ نے اس سلسلے میں میانداد سے رجوع کیا لیکن بدقسمتی سے اُنھوں نے ذاتی وجوہ کی بنا پر انکار کردیا۔لیکن مجھے یقین ہے کو وہ مستقبل قریب میں ضرور آئیں گے اور کھلاڑیوں کی مدد کریں گے۔“
پاکستان کی ٹیم جمعرات کی صُبح ویسٹ انڈیز کے دورے پر روانہ ہوگی جہاں وہ ایک ٹونٹی ٹونٹی میچ، پانچ ایک روزہ بین الاقوامی اور دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔
20 سالہ کرکٹ کیرئیر کے دوران جاوید میاں داد نے باون اعشاریہ ستاون (52.57) کی ریکارڈاوسط سے ٹیسٹ میچوں میں آٹھ ہزار آٹھ سو بتیس رنز بنائے ہیں۔ان دنوں وہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں ایک ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہیں ۔ میانداد نے خود بھی قومی ٹیم کا کوچ بننے کی خواہش ظاہر کی تھی لیکن اُن کا کہنا تھا کہ وہ بیرون ملک دوروں پر نہیں جاپائیں گے۔
تاہم انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود وہ قومی ٹیم کی دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے تیاری سے خوش ہیں۔ ”عالمی کپ کے دوران ٹیم نے مثالی نظم وضبط کا مظاہرہ کیااور کھلاڑیوں کی جسمانی صحت سے بھی میں مطمئن ہوں کیونکہ ٹورنامنٹ کے دوران دیگر ٹیموں کی طرح ہماری ٹیم کو فٹنس کے مسائل کا سامنا نہیں تھا۔“
انھوں نے کہا کہ بھارت سے سیمی فائنل میں شکست کو بھلا کر پاکستانی ٹیم اب مستقبل کی کارکردگی پر توجہ دے رہی ہے۔ ”سیمی فائنل میں شکست نے ٹیم کو انتہائی مایوسی سے دوچار کیا اوربعد میں ڈریسنگ روم میں کھلاڑی اس پر روئے بھی۔ لیکن اب وہ اسے بھول کر آگے بڑھ چکے ہیں جواُن کے لیے نہایت ضرروی تھا۔ “
انتخاب عالم نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے ٹیم میں جن نئے کھلاڑیوں کوشامل کیا گیا ہے وہ اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔