پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان شاہد آفریدی کی جانب سے کائونٹی کرکٹ میں شرکت کی اجازت دینے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں بورڈ کی ڈسپلنری کمیٹی کے سامنے 8 جون کو پیش ہونے کی ہدایت کردی ہے۔
پی سی بی کے ترجمان نے جمعرات کو روز ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ بورڈ نے ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو آفریدی کے خلاف عائد کردہ سینٹرل کانٹریکٹ کی خلاف ورزی کے الزامات کا جائزہ لے گی۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر برائے ڈومیسٹک کرکٹ سلطان رانا کو کمیٹی کا سربراہ مقر کیا گیا ہے جبکہ اس کے ارکان میں سابق ٹیسٹ کرکٹر شفیق احمد اور پی سی بی کے منیجر برائے انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق اگر کمیٹی نے مناسب سمجھا تو وہ آفریدی کو انگلینڈ میں کائونٹی کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے سکتی ہے۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے رواں ہفتے بورڈ کی جانب سے مبینہ طور پر ناروا رویہ رکھے جانے کے خلاف بین الاقوامی کرکٹ سے اپنی مشروط ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے پی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ موجودہ بورڈ انتظامیہ کے تحت مزید کرکٹ نہیں کھیلیں گے تاہم کائونٹی اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے رہینگے۔
پی سی بی نے آفریدی کی جانب سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد ان کے سینٹرل کانٹریکٹ کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کی کائونٹی اور سری لنکا کی لیگ کرکٹ میں شرکت کیلیے انہیں دیے گئے 'این او سی ' بھی منسوخ کردیے تھے اور انہیں قواعد کی خلاف ورزی کے الزام میں نوٹس جاری کردیا تھا۔
کمیٹی نے سابق کپتان کو ان پر عائد کردہ الزامات پر اپنا موقف پیش کرنے کیلیے آئندہ ہفتے طلب کرلیا ہے۔ بورڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ کمیٹی کی جانب سے سنائے جانے والے کسی بھی فیصلہ کے خلاف آفریدی کو اپیل کا حق حاصل ہوگا۔
دریں اثناء پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سبحان احمد نے کہا ہے کہ سابق کپتان کے خلاف کی جانے والی تحقیقات کے دوران انہیں اپنی صفائی پیش کرنے اور دفاع کرنے کا پورا موقع دیا جائے گا۔
بورڈ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں پی سی بی کے اعلیٰ عہدیدار کا کہنا تھا کہ لوگوں کو یہ بات سمجھنی ہوگی کہ آفریدی کا معاملہ سراسر ڈسپلن کا ہے اور بورڈ کی جانب سے کی جانے والی کاروائی کا مقصد اس حوالے سے کسی غلط فہمی کے امکان کا ازالہ کرنا ہے۔
ادھر ہیمپشائر کائونٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں پی سی بی پر زور دیا گیا ہے کہ وہ آفریدی کو کائونٹی کرکٹ کھیلنے کی اجازت دینے کے معاملے کا ازسرِ نو جائزہ لے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیمپشائر انتظامیہ پی سی بی کے فیصلے کا احترام کرتی ہے تاہم اس کی خواہش ہے کہ آفریدی رواں سیزن میں ان کی نمائندگی کریں۔