پاکستان کی پہلے مقابلے میں کامیابی، زمبابوے کے خلاف دوسرا ٹی ٹوئنٹی کل ہوگا

سفیان مقیم وکٹ حاصل کرنے کے بعد وکٹ کیپر عثمان خان کے ساتھ خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

  • پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
  • مقررہ 20 اوورز میں پاکستانی ٹیم نے میزبان زمبابوے کو کامیابی کے لیے 166 رنز کا ہدف دیا۔
  • زمبابوے کی ٹیم 16ویں اوور میں 108 رنز پر آؤٹ ہو گی۔
  • پاکستان نے پہلے میچ میں 57 رنز سے کامیابی سمیٹ کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں زمبابوے کو 57 رنز شکست دے دی ہے۔ تین میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ کل کھیلا جائے گا۔

زمبابوے کے شہر بلوائیو میں اتوار کو کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی پہلی وکٹ تیسرے اوور میں 18 رنز پر اس وقت گری جب عمیر یوسف 16 رنز پر پویلین لوٹے۔ اس کے بعد صائم ایوب اور عثمان خان نے اننگز کو آگے بڑھایا۔

صائم ایوب 24 رنز بنا کر آٹھویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 57 رنز تھا۔

اس کے بعد کپتان سلمان علی آغا بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے تاہم وہ اور عثمان خان زیادہ طویل پارٹنرشپ نہ بنا سکے اور 91 کے مجموعی اسکور پر عثمان خان بھی 39 رنز بنا کر واپس لوٹ گئے جس کے بعد طیب طاہر میدان میں اترے۔

کپتان سلمان علی آغا بھی صرف 13 رنز کا اضافہ کرکے 100 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔

ان چار کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی وکٹیں گرنا بند ہو گئیں اور آخری کے پانچ اوور طیب طاہر اور عرفان خان نے بلے بازی کی۔

ان دونوں کھلاڑیوں نے 20 اوورز میں پاکستان کا اسکور 165 رنز تک پہنچا دیا۔ طیب طاہر نے ایک چھکے اور چار چوکے لگا کر 39 رنز بنائے جب کہ عرفان خان نے تین چوکوں کی مدد سے 27 رنز کا اضافہ کیا۔

یوں پاکستان نے زمبابوے کو 20 اوورز میں جیت کے لیے 166 رنز کا ہدف دیا۔

تاہم زمبابوبے کو تیز آغاز کے باوجود تیسرے اوور سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب باؤلر ابرار احمد نے اس اوور کی پہلی اور پانچویں بال پر وکٹیں اپنے نام کیں۔ اس اوور میں انہوں نے ایک چھکا بھی کھایا لیکن انہوں نے دونوں کھلاڑیوں کو بولڈ کرکے میزبان ٹیم پر دباؤ میں بھر پور اضافہ کیا۔

اس کے بعد زمبابوے کے تادیوناشے مرومانی اور سکندر رضا نے اسکور کو مستحکم کیا اور نویں اوور میں 77 رنز تک پہنچا دیا۔

تاہم نویں اوور میں مرومانی 33 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد زمبابوے کے کھلاڑی ایک کے بعد ایک آؤٹ ہوتے چلے گئے۔

میزبان ٹیم کا اسکور جب 95 تھا تو سکندر رضا بھی 39 رنز بنا کر جہاں داد خان کا نشانہ بن گئے یہ زمبابوے کے چھٹے کھلاڑی تھے جن کی پویلین واپسی ہوئی تھی۔ بعد ایک کے بعد ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا اور یوں پوری ٹیم 108 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

اس طرح پاکستان کو اس پہلے میچ میں 57 رنز سے کامیابی ملی۔

پاکستان کے ابرار احمد اور سفیان مقیم نے تین تین، حارث رؤف نے دو جب کہ جہاں داد خان نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں کامیابی کے بعد پاکستان کو ایک صفر سے برتری حاصل ہو گئی ہے۔ اس سیریز کا دوسرا میچ منگل کو کھیلا جائے گا جب کہ آخری میچ جمعرات کو ہوگا۔

قبل ازیں تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان نے دو ایک سے زمبابوے کو شکست دی تھی۔