پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لارڈز میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل مکمل ہوگیا ہے۔ آج کے دن کی سب سے خاص بات پاکستان کا بالنگ اٹیک کمزور ہونے کے باوجود انگلینڈ جیسی تجربہ کار ٹیم کوپہلی اننگز میں 184رنز تک محدود کر دینا تھا۔
انگلش ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کپتان جے روٹ کے اس خیال کی عکاسی کرتا ہے وہ پاکستانی بالرز کو خاظر میں نہ لاتے ہوئے ایک بڑا اسکور کرنے کا سوچ رہے تھے۔ تاہم، ان کی پوری ٹیم 2.58اوورز میں 184 رنز سے آگے اسکور نہ کرسکی۔
انگلشن ٹیم کے سابق کپتان الیسٹر کک14چوکوں کی مدد سے 70رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ آل رائونڈر بین اسٹوکس نے 38رنز بنائے۔
جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا۔ لیکن، امام الحق کی وکٹ جلد ہی گر گئی۔ وہ صرف چار رنز ہی بناسکے۔ البتہ اظہر علی 18 اور حارث سہیل 21 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کا اب تک مجموعی اسکور 50رنز ایک کھلاڑی آؤٹ ہے۔ 23اوورز کا کھیل ہوچکا ہے۔
اظہر علی اور حارث سہیل نے 38رنز کی پارٹنرشپ کی جبکہ دونوں نے 17اعشاریہ 3اوورز کھیلے۔
انگلینڈ اپنی پہلی اننگز میں آج پاکستانی بالرز کے پریشر میں رہا۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور حسن علی نے چار چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے اپنی دھاک بیٹھانے میں کامیاب رہے جبکہ باقی دو وکٹوں میں سے ایک محمد عامر اور دوسری فہیم اشرف نے لی۔
محمد عامر کے حوالے سے ٹیم کو بڑی توقع تھی۔ لیکن پہلے دن محمد عامر کچھ خاص نہ کرسکے۔ ہوسکتا ہے مخالف ٹیم کی دوسری اننگز میں وہ کچھ ایسا کر سکیں کہ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی ان سے وابستہ امیدیں پوری ہوسکیں۔
مکی آرتھر میچ سے قبل اس رائے کا ااظہار کرچکے تھے کہ انہیں سب سے زیادہ امیدیں محمد عامر سے ہیں کیوں کہ عامر باقی بالرز کے مقابلے میں تجریہ کار ہیں۔