ملتان ٹیسٹ: انگلینڈ کے 281 کے جواب میں پاکستان کے دو وکٹوں پر 107 رنز

پاکستان اور انگلیںڈ کے درمیان ملتان میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انگلینڈ کے 281 کے جواب میں پاکستان نے دو وکٹوں پر 107 رنز بنا لیے ہیں۔ کپتان بابر اعظم 61 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

پہلے دن کھیل ختم ہوا تو پاکستان کو انگلینڈ کی برتری ختم کرنے کے لیے پہلی اننگز میں مزید 174 رنز درکار تھے جب کہ اس کی آٹھ وکٹیں باقی ہیں۔

انگلینڈ کی اننگز کے جواب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا اور پانچ کے مجموعی اسکور پر جیمز اینڈرسن نے امام الحق کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔ امام کے بعد بابر بیٹنگ کے لیے آئے اور عبداللہ شفیق کے ساتھ مل کر پاکستان کے اسکور کو آگے بڑھایا، لیکن 56 کے مجموعی اسکور پر عبداللہ شفیق بھی بابر اعظم کا ساتھ چھوڑ گئے۔ اُنہیں جیک لیچ نے آؤٹ کیا۔

پہلے دن کے کھیل کی خاص بات پاکستان کے لیگ اسپنر ابرار احمد کی عمدہ بالنگ تھی جنہوں نے سات انگلش بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ملتان میں جمعے کو کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں انگلش ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پنڈی ٹیسٹ کی طرح ملتان میں بھی انگلش ٹیم نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا لیکن اپنا ڈیبیو میچ کھیلنے والے پاکستانی اسپنر ابرار احمد نے انگلش بیٹرز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔

انگلش ٹیم کی پہلی وکٹ 38 کے مجموعی اسکور پر گری، جب اوپنر زیک کرالی 19 رنز بنا کر ابرار احمد کی جادوئی گیند پر بولڈ ہوئے۔

ان کے بعد آنے والے اولی پاپ اور بین ڈکٹ نے اننگز کو آگے بڑھایا اور 79 رنز کی شراکت قائم کی۔ بین ڈکٹ 117 کے مجموعی اسکور پر 63 رنز بنا کر ابرار احمد کا ہی شکار بنے۔

انگلینڈ کے اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جو روٹ تھے جو صرف آٹھ رنز بنا سکے۔ انہیں بھی ابرار احمد نے ایل بی ڈبلیو کیا۔

ابرار احمد کا چوتھا شکار انگلش بیٹر اولی پاپ بنے جو 60 رنز بنا کر عبداللہ شفیق کو کیچ دے بیٹھے۔ انگلش ٹیم کی پانچویں وکٹ 167 رنز پر گری جب ہیری بروک نو رنز بنا کر ابرار احمد کی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

پہلے دن کھانے کے وقفے تک ابرار احمد نے 70 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کرلی تھیں۔

کھانے کے وقفے کے بعد جب کھیل کا آغاز ہوا تو 228 کے مجموعی اسکور پر انگلش کپتان بین اسٹوکس کو ابرار احمد نے اپنی مسٹری اسپن سے بولڈ کردیا۔ انگلش ٹیم کی ساتویں وکٹ 231 رنز پر گری، جس کے بعد آنے والے دو کھلاڑی بھی اسکور میں کوئی خاص اضافہ نہ کرسکے۔

انگلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 281 رنز ہی بنا سکی۔انگلینڈ کی جانب سے بین ڈکٹ 63 اور اولی پاپ 60 جب کہ مارک ووڈ 36 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔

پہلی اننگز میں ابرار احمد نے 114 رنز دے کر سات وکٹیں حاصل کیں جب کہ زاہد محمود نے 63 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ملتان ٹیسٹ میں ابرار احمد کی مسٹری بالنگ کی سوشل میڈیا پر بھی تعریف کی جا رہی ہے اور ٹوئٹر پر ان کے نام کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ابرار احمد کی پرفارمنس کو ڈیبیو میں بہترین کارنامہ قرار دیا۔