پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل ختم ہونے پر پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنا لیے ہیں۔ پاکستان کو نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز 449 تک پہنچنے کے لیے مزید 295 رنز درکار ہیں۔
کراچی ٹیسٹ کے دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو امام الحق 74 جب کہ سعود شکیل 13 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
کپتان بابر اعظم 24 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جب کہ عبداللہ شفیق 19 اور شان مسعود 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ نے دوسرے روز کا کھیل چھ وکٹوں کے نقصان پر 306 رنز سے کیا تو کیویز بلے بازوں نے پاکستانی بالرز کو مشکل میں ڈالے رکھا۔
نیوزی لینڈ کی ساتویں وکٹ 309 رنز پر گری جب ایش سودھی 11 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ ٹام بلنڈل 51 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر بولڈ ہوئے۔نیوزی لینڈ کا اسکور 345 رنز ہوا تو ٹم ساؤتھی بھی 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
ایسے میں دکھائی دے رہا تھا کہ نیوزی لینڈ کی باری 350 رنز سے بھی کم میں سمٹ جائے گی۔ لیکن پھر اعجاز پٹیل اور میٹ ہنری نے نیوزی لینڈ کی اننگز کو آگے بڑھایا۔
میٹ ہنری نے دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے نصف سینچری اسکور کی جب کہ اعجاز پٹیل نے بھی ان کا بھر پور ساتھ دیا۔
آخر کار جب کیویز کا اسکور 449 رنز ہوا تو اعجاز پٹیل ہمت ہار گئے اور ابرار احمد کی گیند پر آغا سلمان کو کیچ تھما بیٹھے۔
قبل ازیں کھیل کے پہلے دن ڈیون کنوائے نے 191 گیندوں پر 122 رنز اسکور کیے تھے جب کہ ٹام بنڈل نے بھی نصف سینچری بنائی تھی۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 24 اوورز میں 71 رنز دے کر تین، ابرار احمد نے 37 اوورز میں 149 رنز دے کر چار جب کہ آغا سلمان نے بھی 26 اوورز میں 75 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی 11 رکنی ٹیم امام الحق، عبداللہ شفیق، شان مسعود، کپتان بابر اعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد، آغا سلمان، حسن علی، نسیم شاہ، میر حمزہ اور ابرار احمد پر مشتمل ہے۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ٹام لیتھم، ڈیون کانوے، کین ولیم سن، ہینری نکولس، ڈیرل مچل، ٹام بلنڈل، مچل بریسویل، کپتان ٹم ساؤتھی، ایش سودھی، میٹ ہینری اور اعجاز پٹیل شامل ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ کراچی میں ہی کھیلا گیا تھا جو بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا تھا۔