ایشیا کپ: سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست، پاکستان فائنل میں پہنچ گیا

فائل۔

ویب ڈیسک: پاکستان کی کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کے اہم میچ میں افغانستان کو انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرا کر فائنل میں پہنچ گئی ہے۔

آخری اوور میں جب گیارہ رنز درکار تھے اور آخری دو بلے باز وکٹ پر موجود تھے، نسیم شاہ کے پہلی دو گیندوں پر مسلسل دو چھکے مار کر بظاہر ہارے ہوئے میچ میں پاکستان کو فتح یاب کرا دیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی پاکستان کی ٹیم ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے جب کہ افغانستان اور بھارت کی ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہیں۔

پاکستان کو جیت کے لیے 130 رنز درکار تھے ۔ بظاہر اس کم ہدف کا تعاقب گرین شرٹس کے لیے آسان تھا لیکن ایسا ثابت نہیں ہوا کیونکہ شروع میں ہی اسے کپتان بابر اعظم کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔ وہ بغیر کوئی رنز بنائے آوٹ ہوئے۔اٹھارہ کے مجموعی سکور پر فخر زمان بھی پانچ رنز بنا کر رن آوٹ ہو گئے۔ 45 کے مجموعی رنز پر ان فارم محمد رضوان بھی چلتے بنے۔ انہوں نے 20 رنز اسکور کیے۔

اس موقع پر شاداب خان اور افتخار احمد نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور بیالیس رنز کی شراکت داری قائم کی۔ شاداب کے آوٹ ہونے کے بعد وکٹیں کے بعد گرنے لگیں اور بظاہر جیتا ہوا میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکل گیا۔محمد آصف کے دو چھکے ٹیم کو کھیل میں واپس لائے لیکن خوشدل شاہ، حارث روف اور آصف کے یکے بعد دیگرے آوٹ ہونے کے بعد میچ پر افغانستان کی گرپ مضبوط ہو گئی۔

آخری اوور میں پاکستان کو گیارہ رنز درکار تھے اور وکٹ پر نسیم شاہ اور حسنین جیسے ٹیل اینڈرز موجود تھے۔ اس موقع پر نسیم شاہ نے فضل حق فاروقی کی پہلی اور دوسری گیند کو باونڈری سے باہر پھینک کر نتیجہ پاکستان کے حق میں بدل کر رکھ دیا۔

اس سے قبل افغانستان کی ٹیم نے مقررہ بیس اووروں میں چھ وکٹوں پر 129 رنز بنائے۔ حضرت اللہ زازئی اور رحمت اللہ گرباز نے پہلے تین اووروں میں دس رنز کی اوسط سے تیز رفتاری سے اسکو ر کیے لیکن پاکستان باولنگ نے اس کے بعد کم بیک کیا اور افغان کھلاڑی یکے بعد دیگرے آوٹ ہونے لگے۔ زازئی نے 27، گرباز 17 اور ابراہیم زدران 35 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

حارث روف نے دو جبکہ نسیم شاہ، محمد حسنین، محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس فتح کے ساتھ ہی ایشیا کپ کے فائنل کی دوڑ اپنے اختتام کو پہنچی اور سری لنکا اور پاکستان نے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

نسیم شاہ نے میچ کے بعد اپنے تاثرات میں بتایا کہ وہ پر اعتماد تھے کہ وہ اچھی ہٹس لگا سکتے ہیں اور وہ ایسا کرنے میں کامیاب رہے جس پر وہ بے حد خوش ہیں۔