ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان کی افغانستان کے خلاف جیت کے بعد جہاں گراؤنڈ میں ہنگامہ آرائی ہوئی وہیں پشاور اور مردان میں بھی ہوائی فائرنگ کے واقعات میں چار افراد ہلاک اور سات زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں میں ایک کم سن بچی سمیت تین خواتین بھی شامل ہیں۔
بدھ کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان نے اعصاب شکن مقابلے میں افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دی جس کے بعد گراؤنڈ میں موجود افغان اور پاکستانی شائقین کے درمیان تلخ کلامی اور ایک دوسرے پر کرسیاں پھینکنے کے واقعات پیش آئے۔
دونوں ٹیموں کے مداح گراؤنڈ کے اندر اور باہر ایک دوسرے سے الجھتے رہے۔ یہ معاملہ شارجہ تک ہی محدود نہیں رہا بلکہ پاکستان کے شہر پشاور میں بھی مختلف مقامات پر افغان باشندوں اور مقامی افراد کے درمیان جھگڑوں کے کئی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
پشاور سے وائس آف امریکہ کے نمائندے شمیم شاہد کے مطابق گلبرگ کے علاقے میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی جیت کا جشن منانے والوں اور افغان نوجوانوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس پر دونوں جانب سے اسلحہ بھی نکال لیا گیا۔
اسی طرح پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 6 میں بھی پاکستانی شائقینِ کرکٹ اور افغان باشندوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
تھانہ متنی کی حدود میں واقع موضع ادیزئی میں افغانستان کے خلاف میچ میں پاکستان کی جیت کی خوشی میں باپ کی فائرنگ سے اس کا اپنا بیٹا اور اس کا دوست موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
پولیس کے مطابق موضع ادیزئی میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت خیال ولد نیاز علی اور سدیس ولد عبدالجلیل کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس نے مقتول سدیس کے بھائی عبدالوکیل کی مدعیت میں مبینہ ملزم نیاز علی کے خلاف دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد ملزم نیاز علی مفرور ہے جس کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔
فائرنگ سے ہلاکت کا تیسرا واقعہ کوٹلہ محسن خان کے علاقے میں پیش آیا جہاں گولی لگنے سے ایک نوجوان ہلاک ہو گیا۔
ہوائی فائرنگ سے ہلاکت کا ایک واقعہ مردان میں پیش آیا جہاں کاٹلنگ کے علاقے گلبہار میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 25 سالہ نوجوان اختر گل ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق پشاور شہر کے مختلف تھانوں کی حدود میں ہوائی فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ نوتھیہ، دلہ زاک روڈ اور کوٹلہ محسن خان میں فائرنگ کے واقعات میں تین خواتین زخمی ہوئیں۔
اسی طرح نوتھیہ جدید کے علاقے گل آباد نمبر 2 میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی سےایک کم سن بچی زخمی ہو گئی۔
پولیس نے بتانا ہے کہ شہر کے مختلف مقامات پر میچ ک جیت کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والے 41 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گالم گلوچ کے ردِ عمل میں ایک دو مقامات پرافغان نوجوانوں نے پاکستان کے قومی پرچموں کو نذر آتش کرنے کی بھی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔ تاہم پولیس کے ان دعووں کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔