برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام چودہ اگست کی صبح پاکستان کے 67 ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔
برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے زیر ِاہتمام چودہ اگست کی صبح پاکستان کے 67 ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس خصوصی تقریب کی میزبانی کے فرائض پاکستانی ہائی کمشنر واجد شمس الحسن نے ادا کیے جبکہ اس موقع پر وزیرِاعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور صدر پاکستان آصف علی زرداری کے خصوصی پیغامات ڈپٹی ہائی کمشنر محمد عمران مرزا اورہیڈ آف چانسری آفتاب حسن خان نے پڑھ کر سنائے۔
دونوں سربراہان ِمملکت نے اپنے پیغامات میں تمام قوم کو یوم آزادی کی مبار کباد پیش کی اور تحریک آذادی کے جیالوں اور آذادی کے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نےقائد اعظم محمد علی جناح کی رہنمائی میں ایک عظیم جدوجہد کا راستہ اپنایا اور برصغیر میں مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن پاکستان حاصل کیا ۔
میاں محمد نوازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ،''ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو ایک پرامن اور مضبوط پاکستان دینا ہےجہاں وہ عزت سے رہ سکیں اور اس کے لیے قوم کو ایک مثالی اتحاد اور یک جہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔''
صدرِپاکستان آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کی بقا کے لیے پوری قوم کو متحد اورمضبوط رہنے کی ضرورت ہے جبکہ انہوں نے قوم کے عظیم بیٹوں کو خراج ِعقیدت پیش کیا جو پاکستان کی بقاء کے لیے اندرونی اور بیرونی جارحیت کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
واجد شمس الحسن نے اس موقع پرکہا کہ پاکستانی قوم اور پاک فوج کی قربانیاں اور دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف جدوجہد قابل تعریف ہے جبکہ پاکستان اور برطانوی تعلقات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ اور پاکستان کے مابین ایک مثالی رشتہ قائم ہے۔
تقریب میں پاکستانی موسیقار سہیل رعنا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بچوں نے انہی کی دھنوں پر ملی نغمے گائے۔ جبکہ یوم آذادی کی خوشی میں بیگم زریں واجد شمس الحسن نے کیک کاٹا اور بچوں میں انعامات تقسیم کئے۔
یوم آذادی کے سلسلے میں پرچم کشائی کی دیگر تقریبات برمنگھم ،مانچسٹر، بریڈ فورڈ اور گلاسکو کے قونصل خانوں میں بھی منعقد کی گئیں۔