|
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے لیے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ سلیکٹرز نے سعود شکیل کو شاہین شاہ آفریدی کی جگہ نائب کپتان مقرر کر دیا ہے۔
بنگلہ دیش کی ٹیسٹ ٹیم 17 اگست کی صبح اسلام آباد پہنچے گی اور دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم جب کہ دوسرا ٹیسٹ کراچی میں 30 اگست سے تین ستمبر تک ہوگا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی سیریز کے لیے پاکستان کی قیادت شان مسعود کریں گے جب کہ سعود شکیل ان کے نائب ہوں گے۔
سترہ رکنی اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم، عبد اللہ شفیق، صائم ایوب، محمد رضوان، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، ابرار احمد، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں جب کہ عامر جمال کی شمولیت فٹنس سے مشروط کی گئی ہے۔
SEE ALSO: ’ڈسپلن کی پابندی نہ کرنے والے کھلاڑیوں کی ٹیم میں جگہ نہیں ہو گی’شاہین شاہ آفریدی کی جگہ سعود شکیل کو نائب کپتان مقرر کیے جانے سے متعلق پی سی بی نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ انتہائی مصروف سیزن میں شاہین آفریدی کے ورک لوڈ کو سنبھالنے کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق امام الحق، فہیم اشرف، محمد نواز، نعمان علی اور ساجد خان اسکواڈ میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہو سکے جب کہ حسن علی اور محمد وسیم جونیئر انجرڈ ہیں۔
پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ میں تین نئے نام شامل ہوئے ہیں جن میں محمد ہریرہ، کامران غلام اور محمد علی شامل ہیں۔
پی سی بی کے مطابق تینوں کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان شاہینز کی طرف سے عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
کامران غلام نے پچھلے سیزن میں 11 فرسٹ کلاس میچوں میں 1025 رنز بنائے تھے جب کہ ڈارون میں انہوں نے بنگلہ دیش اے کے خلاف چار روزہ میچ میں بھی سینچری اسکور کی تھی۔ وہ 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں اسکواڈ کا حصہ تھے۔ لیکن وہ کوئی میچ نہیں کھیل سکے تھے۔
SEE ALSO: 'دفاعی حکمتِ عملی نے پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کو تباہ کردیا'فاسٹ بوالر محمد علی نے انگلینڈ کے خلاف 2022 کی سیریز کے دو ٹیسٹ کھیلے تھے۔ انہوں نے گزشتہ سیزن میں 47 فرسٹ کلاس وکٹیں حاصل کیں جب کہ ڈارون میں انہوں نے بنگلہ دیش اے کے خلاف چار روزہ میچ کی دوسری اننگز میں چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
پی سی بی کے مطابق محمد ہریرہ بھی پچھلے چند سیزن سے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے آرہے ہیں۔
پچھلے سیزن میں ان کے رنز کی تعداد 961 تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے بنگلہ دیش اے کے خلاف پہلے چار روزہ میچ میں ڈبل سینچری بھی اسکور کی تھی۔
وہ گزشتہ سال سری لنکا کے دورے میں اسکواڈ کا حصہ تھے تاہم کوئی میچ نہیں کھیل سکے تھے۔
بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کا ٹریننگ کیمپ 11 اگست سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کیمپ کی نگرانی کریں گے۔
جیسن گلیسپی کی پاکستان کے ریڈ بال ہیڈ کوچ کی حیثیت سے یہ پہلی ٹیسٹ سیریز ہے۔