پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی نیوز چینل 'نیوز ون' کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا ہے جس میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے مراد سعید کو بہترین وزیر کا ایوارڈ دیے جانے کے حوالے سے تبصرے کو تضحیک آمیز قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان میں ٹی وی چینلز کے نگران ادارے پیمرا کی جانب سے اس نوٹس کے بعد ملک بھر کے کیبل آپریٹرز نے چینل کو غیر اعلانیہ طور پر آف ایئر کردیا ہے یا پچھلے نمبروں پر منتقل کر دیا ہے۔
پیمرا کی جانب سے چینل کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 10 فروری کو اینکر پرسن غریدہ فاروقی کے پروگرام میں مہمانوں نے تضحیک آمیز گفتگو کی اور اس پر کوئی ادارتی چیک نہیں رکھا گیا۔
ملک کی صحافتی تنظیموں نے نیوز ون ٹی وی کی غیر قانونی بندش کی مذمت کرتے ہوئے چینل نشریات کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے جمعرات کو 10 وفاقی وزارتوں کو بہترین کارکردگی دکھانے پر ایوارڈ دیے تھے جن میں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا پہلا نمبر تھا۔
عمران خان نے کہا تھا کہ سب سے نوجوان وزیر اور سب سے بہتر پرفارمنس۔
وزیر اعظم کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بھی مراد سعید کی کارکردگی پر تبصرے شروع ہو گئے تھے۔
پروگرام کی اینکر غریدہ فاروقی نے ٹوئٹ میں کہا کہ وفاقی وزرا کی کارکردگی پر کیے جانے والے پروگرام سے نالاں حکومت غیر قانونی طور پر نیوز ون کی نشریات بند کرا رہی ہے۔
وفاقی وزیر مراد سعید کو بہترین وزیر کا ایوارڈ ملنے پر ہونے والی بحث اور شرکا کے ذو معنی جملے سوشل میڈیا پر بھی گردش کرنے لگے اور ہفتے کو ٹوئٹر پر اس حوالے سے متعدد ٹرینڈز چلتے رہے۔
پروگرام کے مہمانوں میں جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب، صحافی افتخار احمد، نیوز ون کے ڈائریکٹر نیوز طارق محمود اور تجزیہ کار محسن بیگ شامل تھے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا اس بارے میں کی گئی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ جس قسم کی اخلاق سے گری ہوئی مکروہ باتیں مراد سعید کے بارے میں کی گئیں اگر یہ میرے یا کسی صحافی کے بارے میں کسی پروگرام میں جائیں تو ہم کیا مطالبہ کرتے؟
پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) نے پیمرا کی جانب سے اُن کے مطابق قانونی تقاضے پورے کیے بغیر کیبل نیٹ ورکس پر نیوز ون ٹی وی کی بندش کی مذمت کرتے ہوئے پیمرا سے چینل کی نشریات فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات ملک میں آزادی صحافت کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد، کراچی پریس کلب، پشاور پریس کلب اور صحافی یونینز کی جانب سے نیوز ون ٹی وی کی نشریات پر پابندی کو میڈیا کی آواز دبانے کی کوشش قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان میں صحافیوں کی ملک گیر تنظیم پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ( پی ایف یو جے) نے نیوز ون چینل کو پیمرا کے نوٹس کی مذمت کی ہے۔
پیمرا کے نوٹس میں چینل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو چار روز کے اندر جواب دینے کا کہا گیا ہے، بصورتِ دیگر چینل پر جرمانے اور لائسنس معطلی کی وارننگ دی گئی ہے۔
نیوز ون ٹی وی کے ڈائریکٹر نیوز طارق محمود کہتے ہیں کہ پیمرا کی جانب سے اظہار وجوہ کا نوٹس جاری ہونے کے بعد جمعہ کو رات گئے نیوز ون کو ملک کے بیشتر علاقوں میں بند یا اسے پچھلے نمبروں میں کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ عالمی صحافتی تنظیمیں پاکستان میں اظہار رائے پر پابندیوں پر تشویش ظاہر کرتی رہی ہیں اور صحافیوں کی عالمی تنظیم 'رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز' نے سال 2021 کی صحافتی آزادیوں کی درجہ بندی میں 200 ملکوں کی فہرست میں پاکستان کو 145 واں نمبر دیا تھا۔
البتہ پاکستان کی حکومت کا یہ موؐقف رہا ہے کہ ٹی وی چینلز کی نگرانی کرنے کے لیے آزاد اور خود مختارہ ادارہ قائم ہے جو حکومتی دباؤ کے بغیر کام کرتا ہے۔