پاکستان میں پی ایس ایل کے میچز جہاں زور و شور سے جاری ہیں۔ وہیں پی ایس ایل کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے دلچسپ ویڈیوز، گانے اور ترانے بھی پوسٹ کیے جا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر دھوم مچانے کے لیے ایک مزے دار ویڈیو کا سلسلہ پوسٹ کیا گیا ہے۔ نام ہے اس کا 'شلوار چیلنج'۔
یہ چیلنج کیا ہے؟
جو کام ہم بچپن سے کرتے آئے ہیں وہ کام آسان ہو یہ ضروری تو نہیں؟ سو پی ایس ایل میں دیا گیا ہے ایک نیا چیلنج، شلوار میں ازار بند ڈال کر پہننے کا چیلنج۔
اتوار کے روز لاہور قلندر اور کراچی کنگز کے درمیان ہونے والے سنسنی خیز مقابلے کے فائنل مرحلے میں محمد عامر کو چھکا لگانے والے جنوبی افریقی کرکٹر ڈیوڈ ویسے پیر کے روز پی ایس ایل کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پوسٹ ہونے والی ویڈیو میں پریشان دکھائی دیتے ہیں۔ کیونکہ انہیں پورا کرنا ہے شلوار میں ازاربند ڈال کر پہننے کا چیلنج اور یہ ان سے ہو نہیں پا رہا۔
ویڈیو میں شلوار کی کمر کا سائز دیکھ کر ڈیوڈ ویسے حیران رہ گئے۔ کہنے لگے ’’اتنی بڑی کمر۔۔!‘‘
پھر کیا تھا کبھی شلوار کو بغیر ازار بند کے پہننے کی ناکام کوشش کی تو کبھی بغیر ازاربند کے آگے سے گرہ باندھ کر پہننے کی کوشش۔ جب ازاربند میسر ہوا تو اسے بھی شلوار میں ڈال نہ پائے۔ کہنے لگے میں تو بالکل احمق لگ رہا ہوں یہ کرتا ہوا۔
دو منٹ ہو گئے مگر اس چیلنج میں بالکل ناکام رہے۔
جہاں ڈیوڈ ویسے ناکام رہے، وہیں چند روز پہلے یہی چیلنج ویسٹ انڈیز کے معروف بلے باز کرس گیل پورا کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
جمعے کو پوسٹ کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انہوں نے پریشان ہوئے بغیر شلوار میں آزاربند ڈالنا شروع کر دیا اور تھوڑا سا دماغ لڑانے کے بعد انہوں نے دو منٹ کے دیئے گئے وقت کے اندر ہی چیلنج پورا کر لیا۔
اگرچہ شلوار کے گھیر کا سائز دیکھ کر وہ بھی حیران ہوئے تھے اور انہوں نے کہا تھا کہ یہ جس کی بھی شلوار ہے، وہ شخص یقیناً بہت کھاتا پیتا ہو گا۔
کرکٹ اور پی ایس ایل کے شائقین میں یہ ویڈیوز دلچسپی سے دیکھی جا رہی ہیں۔ کرس گیل کی ویڈیو کو اب تک پچاس ہزار بار دیکھا گیا ہے۔
ایک صارف مظہر علی نے لکھا کہ یہ دیکھ کر بہت اچھا لگا کہ آپ لوگ فینز کو خوش کرنے کے لیے ایسی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
جب کہ مسٹر ڈار کے نام سے ایک صارف نے لکھا کہ ڈیوڈ ویسے نے ہمیں جتانے میں اتنا وقت نہیں لیا جتنا اس چیلنج میں صرف ہو گیا۔