بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کے شوہر عادل درانی کو ممبئی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ راکھی نے اپنے شوہر پر زیورات و رقم چرانے اور مار پیٹ کا الزام لگایا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راکھی ساونت نے اپنے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا جس پر ممبئی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کی جانب سے عادل درانی کو بدھ کو عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
راکھی ساونت نے شوہر کے خلاف درج ایف آئی آر میں الزام عائد کیا ہے کہ ان کے شوہر انہیں زدوکوب کرتے ہیں جب کہ وہ فلیٹ سے ان کی رقم اور زیورات بھی لے گئے ہیں۔
راکھی ساونت نے بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عادل ان کے گھر پر آ کر انہیں بار بار دھمکیاں دے رہے تھے اور جب وہ انہیں مارنے کے لیے فلیٹ پر آئے تو انہوں نے فوراً پولیس کو فون کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے عادل درانی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ معاملے کی تحقیقات کے بعد ہی کوئی بیان جاری کریں گے۔
راکھی ساونت نے گزشتہ ماہ ہی عادل درانی سے اپنی شادی ظاہر کی تھی۔ اپنے فینز کو انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے انہوں نے بتایا تھا کہ عادل سے ان کی شادی 2022 میں انجام پائی تھی۔
البتہ اس کے بعد راکھی اور ان کے شوہر کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے۔ راکھی نے عادل پر غیر ازدواجی تعلقات کا الزام بھی لگایا تھا۔
یہ بھی پڑھیے: راکھی ساونت کا مسلمان سے شادی کے بعد نام تبدیل، بعض افراد نے ’لو جہاد‘ قرار دے دیاعادل درانی نے چند روز قبل راکھی ساونت کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات پر انسٹاگرام پر ایک بیان میں کہا تھا "میں راکھی کے الزامات کا جواب اس لیے نہیں دے رہا کیوں کہ میں نے خواتین کی عزت کرنا سیکھی ہے۔"
ان کا مزید کہنا تھاکہ "جس دن میں نے زبان کھولی اور یہ بتایا کہ راکھی نے میرے ساتھ کیا کیا ہے تو وہ اس کے بعد کوئی بیان دینے کے قابل نہیں رہیں گی۔"
دوسری جانب راکھی ساونت کا کہنا ہے کہ وہ اب عادل کے ساتھ کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کریں گی بلکہ ان سے طلاق لیں گی۔