اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یہ کہہ چکے ہیں کہ اگر شمالی کوریا جوہری تجربات کی جانب پلٹتا ہے تو یہ ''انتہائی مایوس کن'' امر ہوگا، ایسے میں جب حال ہی میں اُن کی شمالی کوریا کے سربراہ، کم جونگ اُن سے ملاقات ہو چکی ہے۔
'نیشنل ریڈیو پبلک' نے خبر دی ہے کہ اس بات کا امکان ہے کہ شمالی کوریا میزائل یا خلائی تجربے کی تیاری کر رہا ہے۔
خبروں کے امریکی ادارے نے بتایا ہے کہ پیونگ یونگ کے قریب واقع سنومڈونگ تنصیب کی سیٹلائٹ تصاویر کا تجزیہ ٹرکوں، کاروں، ریل کاروں اور کرینوں کی موجودگی کا بتا دیتا ہے۔
جیفری لوئیس کیلیفورینیا کے شہر مونٹیری میں قائم مڈلبری انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اسٹڈیز سے تعلق رکھتے ہیں۔ اُن کے الفاظ میں ''جب آپ سارے تانے بانے ملاتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے جب کوریا راکٹ تعمیر کرتا ہے تو منظر اسی نوعیت کا ہوتا ہے''۔
لوئیس نے ان تصاویر کا تجزیہ کیا ہے، جو 'ڈیجیٹل گلوب' نے فراہم کی تھیں، جو خلا اور زمین کی تصاویر لینے والا امریکی کمرشل ادارہ ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یہ کہہ چکے ہیں کہ اگر شمالی کوریا جوہری تجربات کی جانب پلٹتا ہے تو یہ ''انتہائی مایوس کن'' امر ہوگا، ایسے میں جب حال ہی میں اُن کی شمالی کوریا کے سربراہ، کم جونگ اُن سے ملاقات ہو چکی ہے۔
ٹرمپ نے یہ بیان جمعے کےروز اخباری نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے دیا۔ وہ طوفانی بارشوں سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لینے کے لیے الاباما کے سفر پر روانہ ہو رہے تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ جب سے اُنھوں نے عہدہ سنبھالا ہے، امریکہ اور شمالی کوریا کے تعلقات میں بہت بہتری آئی ہے۔
اُنھوں نے کہا ''دیکھیں، جب میں نے اختیارات سنبھالے؛ اس سے قبل اوباما انتظامیہ کے دور میں شمالی کوریا ایک تباہی کے راستے پر گامزن تھا۔ جنگ چھڑنے کا سماں تھا، شاید آپ کو اس بات کا پتا ہو۔۔۔ورثے میں مجھے ایسی خطرناک صورت حال ملی''۔
اُنھوں نے مزید کہا کہ ''اس وقت کوئی تجربہ نہیں ہو رہا، کوئی ایسی بات نہیں تھی۔ دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔ لیکن، مجھے مایوسی ہوگی اگر کوئی تجربہ کیا جاتا ہے''۔