دوسرا ون ڈے: نیوزی لینڈ کی اننگز 261 پر سمٹ گئی، نواز کی چار وکٹیں

نیوزی لینڈ نے کراچی میں کھیلے جا رہے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 262 رنز کا ہدف دیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔دوسرے ون ڈے کے لیے مہمان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، ہینری شپلے کی جگہ لیگ اسپنر اش سودھی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

دوسرے ون ڈے میں مہمان ٹیم کو اننگز کے آغاز میں ہی نقصان اٹھانا پڑا جب نسیم شاہ نے کیویز اوپنر فن ایلن کو آؤٹ کردیا۔لیکن نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن اور ڈیون کانوے نے اننگز کو آگے بڑھایا اور بڑی شراکت داری قائم کی۔

ڈیون کانوے نے 101 جب کہ ولیمسن نے 85 رنز کی شان دار اننگز کھیلی۔ کیویز کا اسکور جب ایک وکٹ کے نقصان پر 183 ہوا تو کانوے آؤٹ ہو گئے جس کے بعد نیوزی لینڈ کی اننگز ڈگمگا گئی اور تیزی سے وکٹیں گرنے لگیں۔

نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 49.5 اوورز میں 261 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 10 اوورز میں 38 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ نسیم شاہ نے تین جب کہ حارث رؤف اور اُسامہ میر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ تین ایک روزہ میچز کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

دونوں ٹیموں کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ نیوزی لینڈ کے مقابلے میں پاکستان کا پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ پانچ میچز میں سے تین میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی جب کہ ایک میچ کیویز ٹیم کے نام رہا اور ایک بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔

گزشتہ پانچ میچز میں سے وہ تین میچز جن میں پاکستان ٹیم کامیاب رہی اس کی خاص بات یہ تھی کہ گرین شرٹس نے ان میں بعد میں بیٹںگ کی تھی۔

ایک اور دلچسپ امر یہ ہے کہ پاکستان نے گزشتہ تین ون ڈے میچز میں نیوزی لینڈ کو چھ، چھ وکٹوں سے ہی شکست دی ہے جس میں نو جنوری کو کراچی میں کھیلا جانے والا ون ڈے میچ بھی شامل ہے۔