دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
پاکستان نے جنوبی افریقہ کو کامیابی کے لیے 145 رنز کا ہدف دیا تھا جو مہمان ٹیم نے 17ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔
جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ جنوبی افریقہ کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا۔
بابر اعظم کے ساتھ محمد رضوان نے پاکستان کی اننگر کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم پانچ رنز بنا کر ڈوین پریٹوریس کا نشانہ بنے۔
اس کے بعد حیدر علی کھیلنے آئے انہوں نے 11 گیندوں کا سامنا کیا اور 36 کے مجموعی اسکور پر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
حسین طلعت صرف تین رنز کا اضافہ کر سکے۔ البتہ ان کے بعد افتخار احمد نے محمد رضوان کے ساتھ اسکور 93 رنز تک پہنچا دیا۔ البتہ 14ویں اوور میں افتخار 20 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے۔
محمد رضوان نے ایک بار پھر ذمہ دارانہ اننگز کھیلی لیکن 16 ویں اوور میں 97 کے مجموعی اسکور پر وہ 41 گیندوں پر 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہیں بھی پریٹوریس نے ہی آؤٹ کیا۔
خوشدل شاہ اور فہیم اشرف نے آخری اوورز میں رنز میں تیزی سے اضافہ کرنے کی کوشش کی لیکن 19 ویں اوور میں 126 کے مجموعی اسکور پر خوشدل شاہ 15 رنز بنا کر پریٹوریس کا نشانہ بن گئے۔
محمود نواز کو پریٹوریس نے صفر پر بولڈ کیا جب کہ فہیم اشرف 12 گیندوں پر 30 رنز اور عثمان قادر چار رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
یوں مقررہ 20 اوورز میں پاکستان نے سات وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے جب کہ جنوبی افریقہ کو 20 اووز میں 145 رنز کا ہدف ملا۔
Your browser doesn’t support HTML5
جنوبی افریقہ کی جانب سے کر ڈوین پریٹوریس نے 17 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ جو ان کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی بہترین بالنگ تھی۔
جنوبی افریقہ نے اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ پہلے اوور کی دوسری گیند پر ہی گر گئی۔ شاہین شاہ آفریدی نے جنیمن ملان کو بولڈ کیا۔
تیسرے اوور میں 21 کے مجموعی اسکور پر شاہین شاہ آفریدی نے جے جے سماٹس کو سات رنز پر پویلین روانہ کیا۔
اس کے بعد جنوبی افریقہ بلے باز جم گئے اور انہوں نے 11 اوورز میں اسکور 98 رنز تک پہنچا دیا۔
تین چھکے اور تین چوکے لگا کر 30 گیندوں پر 42 رنز بنانے والے ریز ہینڈرک عثمان قادر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
یوں 98 رنز پر جنوبی افریقہ کے تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ اس کے بعد چوتھی وکٹ 13ویں اوور میں پیٹ وین بیلئون کی تھی جن کو محمد نواز نے آؤٹ کیا۔ انہویں نے 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے تھے۔
ڈیوڈ میلر اور کلسین نے جنوبی افریقہ کو فتح تک پہنچایا۔ ملر 25 رنز جب کہ کلسین 17 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
واضح رہے کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو تین رنز سے شکست دی تھی۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 11 سے 14 فروری تک لاہور میں کھیلی جا رہی ہے۔
اس سے قبل دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دو، صفر سے شکست دی تھی۔