ملتان سلطانز پاکستان سپر لیگ کی سب سے کم تجربہ کار ٹیم ہے، جو پی ایس ایل 2018ء سے ایونٹ کا حصہ بنی ہے۔ سیزن فور میں شاہد آفریدی بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
گزشتہ سیزن میں ملتان سلطانز نے مجموعی طور پر 10 میچز کھیلے، چار جیتے، پانچ ہارے اور ایک بے نتیجہ رہا۔ یوں جیت کا تناسب 40 فیصد رہا۔
حیرت انگیز طور پر ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کے خلاف دو میچ کھیلے اور دونوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے اسے دونوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ایونٹ میں اپنے پہلے ہی میچ میں ملتان سلطانز سے پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر شاندار آغاز کیا تھا اور پھر دوسرے میچ میں لاہور قلندرز کو 43 رنز سے ہرایا، لیکن وہ پہلے مرحلے ہی میں ایونٹ سے باہر ہوگئی تھی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے کمار سنگاکارا سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں لیکن اس سیزن میں وہ ٹیم کا حصہ نہیں۔ سری لنکن بیٹسمین نے 10 میچوں میں 125کے اسٹرائیک ریٹ سے 269رنز بنائے جس میں سب سے زیادہ اسکور 63رنز ہے۔
شعیب ملک 224 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 124 اعشاریہ 44 ہے جبکہ کسی بھی اننگز میں سب سے زیادہ اسکور 65 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔
بولرز میں جنوبی افریقہ کے عمران طاہر نے سب سے زیادہ 13 وکٹیں لیں لیکن وہ اب اس سیزن میں ٹیم کا حصہ نہیں۔ محمد عرفان 22 اعشاریہ 88 کی اوسط سے دس وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
ملتان سلطانز کی قیادت شعیب ملک کریں گے جبکہ ٹیم میں کئی نامور ملکی اور غیرملکی کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔
ٹیم کے بلے بازوں میں انگلینڈ کے جوئے ڈینلی، ویسٹ انڈیز کے جانسن چارلس، انگلینڈ کے لاری ایوینس، انگلینڈ کے ٹوم موریس، شعیب ملک، شکیل انصار، عمر صدیق اور محمد جنید شامل ہیں۔ آسٹریلیا کے مایہ ناز بیٹسمین اسٹیو اسمتھ کوبھی ملتان سلطانز نے ٹیم میں شامل کیا تھا لیکن کہنی میں انجری کے باعث اُن کی شرکت مشکوک ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ملتان سلطانز اُن کے متبادل کے طور پر کس کھلاڑی کا انتخاب کرتی ہے۔
بولرز میں ملتان سلطانز کو محمد عرفان، جنید خان، محمد عباس، محمد عرفان خان، علی شفیق اور محمد الیاس کی خدمات حاصل ہوں گی۔
بوم بوم شاہد آفریدی، آسٹریلیا کے ڈین کرسچیئن اور نعمان علی ٹیم کے آل راؤنڈرز میں شامل ہیں۔
ٹی 20 کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھنے والے شاہد آفریدی نے پی ایس ایل کے تمام سیزنز میں شرکت کی ہے اور 29 میچوں میں مجموعی طور پر 311 رنز بنائے ہیں۔
تازہ ترین خبر یہ ہے کہ افغانستان کے لیگ اسپنر قیس احمد کی عدم دستیابی کے باعث ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں آسٹریلوی آل راؤنڈر کرس گرین کو شامل کیا گیا ہے۔