رسائی کے لنکس

پی ایس ایل کی ٹیمیں: کراچی کنگز، جیت کی بھرپور تیاریاں جاری


شاہد آفریدی۔ فائل فوٹو
شاہد آفریدی۔ فائل فوٹو

پچھلی سیزنز کی طرح پی ایس ایل فور کے لئے بھی کراچی کنگز بھرپور تیاریاں کررہی ہے، ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور ٹیم کے صدر و سابق آل راؤنڈر وسیم اکرم بھی ٹیم کی جیت کے لئے پرامید ہیں۔

پی ایس ایل 2019 میں کراچی کنگز نے عماد وسیم کو ہی کپتان برقرار رکھا ہے۔

گذشتہ سیزن میں کراچی کنگز کی ٹیم ایلی منیٹر راؤنڈ تک رسائی حاصل کرسکی تھی تاہم لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پشاور زلمی کے ہاتھوں 13 رنز سے شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئی تھی۔

کراچی کنگز کی ٹیم میں اسپیشلسٹ بیٹسمین کی حیثیت سے بابراعظم، کولن انگرام، کولن مونرو، سکندر رضا، آروان سمرز، بین ڈیونک، اویس ضیاء، جاہد علی، افتخار احمد، محمد رضوان اور علی عمران جبکہ آل راؤنڈر میں عماد وسیم، روی بوپارا اور عامر یامین شامل ہیں۔

موجودہ قومی ٹیم میں شامل عثمان خان شنواری اور محمد عامر کے علاوہ اسامہ میر، سہیل خان، ابرار احمد اور لیام لیونگ اسٹون بولنگ اٹیک کا حصہ ہیں۔

بابراعظم، روی بوپارہ اور کولنگ انگرام کراچی کنگز کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمینوں میں شامل ہیں۔

بابراعظم پی ایس ایل 2016ء سے کراچی کنگز کا حصہ ہیں، دو سیزنز میں وہ مجموعی طور پر 22 میچز کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 693 رنز بنائے ہیں۔

بابراعظم کا اسٹرائیک ریٹ 117 اعشاریہ 85 ہے جبکہ 66 اُن کا زیادہ سے زیادہ اسکور ہے، 6 نصف سنچریاں بھی ان کے کھاتے میں ہیں۔

انگلش آل راؤنڈر پی ایس ایل کے پہلے سیزن سے ہی کراچی کنگز کی نمائندگی کر رہے ہیں، وہ اب تک 29 میچز میں 571 رنز بناچکے ہیں، اُن کا زیادہ سے زیادہ اسکور 71 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔ تین نصف سنچریوں کے ساتھ اسٹرائیک ریٹ 118 اعشاریہ 46 ہے۔

کولنگ انگرام اور کراچی کنگز کا ساتھ بہت زیادہ پرانا نہیں ہے، انہوں نے تیسرے سیزن میں کراچی کنگز کو جوائن کیا اور اب تک 12 میچز میں 140 اعشاریہ 46 اسٹرائیک ریٹ سے 243 رنز بنا چکے ہیں۔

بولنگ میں کراچی کنگز کا انحصار سہیل خان، محمد عامر اور عثمان شنواری کے ساتھ ساتھ انگلش لیگ بریک بولر لیام لیونگ اسٹون پر ہوگا۔

سہیل خان پی ایس ایل کے چوتھے کامیاب ترین بولر ہیں، وہ پچھلے سیزنز میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی نمائندگی کرچکے ہیں، 21 میچوں میں ان کی وکٹوں کی تعداد 28 ہے، کسی بھی اننگز میں ان کی بہترین بولنگ 23 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ ہے۔

وکٹوں کی تعداد کے اعتبار سے محمد پی ایس ایل کے چھٹے بہترین بولر ہیں، وہ 6 اعشاریہ 8 کے اکانومی ریٹ سے مجموعی طور پر 26 وکٹیں لے چکے ہیں۔

عثمان شنواری پی ایس ایل ہی کی دریافت ہیں اور موجودہ قومی ٹیم کا اہم حصہ ہیں اور پی ایس ایل کے آخری دو سیزن کے 18 میچز میں 22 وکٹیں لے چکے ہیں، ان کی بہترین بولنگ 17 رنز دے کر چار وکٹیں ہیں۔

XS
SM
MD
LG