رواں برس کے آغاز سے ہی فلم بین اچھی فلموں کے منتظر تھے کیوں کہ اس سال کئی بڑی فلمیں ریلیز ہونے کے ساتھ ساتھ ایسی فلمیں بھی ریلیز ہونا تھیں جو مختلف وجوہات کی وجہ سے کئی بار تاخیر کا شکار ہوئی تھیں۔
اگر اس سال ریلیز ہونے والی فلموں کے بزنس کی بات کی جائے تو جہاں کچھ بڑے بجٹ کی فلموں نے باکس آفس پر ریکارڈ بنائے، وہیں کچھ بری طرح ناکام بھی ہوئیں۔
اس سال کی سپر ہٹ فلم 'باربی' رہی جب کہ سپر ماریو برادرز مووی سب سے ہٹ اینی میٹڈ فلم بن کر سامنے آئی۔ اسپائیڈر مین: ان ٹو دی اسپائیڈر ورس اور اوپن ہائمر جیسی لائیو ایکشن فلموں نے بھی شائقین کو خوب محظوظ کیا۔
اس کے علاوہ آرکیولوجسٹ انڈیانا جونز کی واپسی اور فرینچ سپہ سالار نپولین پر بننے والی بائیوپک باکس آفس پر ناکام ہوئیں۔
یہ سال سپر ہیروز کے لیے بھی زیادہ اچھا نہیں رہا اور زیادہ تر سپر ہیرو فلمیں باکس آفس پر کامیابی نہ سمیٹ سکیں جن میں شیزام، کیپٹن مارول اور دی فلیش کی فلمیں قابلِ ذکر ہیں۔
سپر ہیرو فلم ایکوامین کا سیکوئل بھی 22 دسمبر کو دنیا بھر میں ریلیز ہو رہا ہے اور شائقین پُرامید ہیں کہ جیسن مموا کی بطور ایکوامین واپسی ڈی سی اسٹوڈیوز کو کامیابی کی راہ پر گامزن کر سکے گی۔
اس سال کی 10 کامیاب ہالی وڈ فلموں پر نظر ڈالتے ہیں جنہوں ںے باکس آفس پر راج کیا۔
1۔ باربی
اداکارہ مارگو روبی اور اداکار رائن گوزلنگ کی یہ میوزیکل کامیڈی فلم سال کی سب سے کامیاب فلم بن کر سامنے آئی۔
اس فلم کی کہانی باربی نامی ایک ایسی گڑیا کے گرد گھومتی ہے جو اپنی دنیا سے اصل دنیا کا سفر کرکے وہاں اپنی جگہ تلاش کرتی ہے۔
فلم میں اداکار ول فیرل نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے جب کہ فلم کی ریلیز کے بعد دنیا بھر میں باربی ڈولز کی فروخت میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا۔
باکس آفس کی مستند ویب سائٹ 'باکس آفس' موجو کے مطابق باربی نے دنیا بھر سے ایک ارب 44 کروڑ ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا ہے جو اس سال کسی بھی فلم کا سب سے زیادہ بزنس ہے۔
2۔ دی سپر ماریو برادرز مووی
گیمنگ کونسول ننٹینڈو کے مقبول ترین ویڈیو گیم 'سپر ماریو برادرز' پر بننے والی اس فلم کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی جس نے ریلیز کے بعد سے اب تک ایک ارب 36 کروڑ سے زائد ڈالرز کما لیے ہیں۔
فلم کی کہانی ماریو نامی پلمبر کے گرد گھومتی ہے جو اپنے بھائی لوئجی کے ہمراہ ایک شہزادی کو آزاد کرانے کے لیے نکل پڑتا ہے۔
اس سے قبل اس ویڈیو گیم پر کئی فلمیں اور ٹی وی شوز بنے لیکن کرس پریٹ، جیک بلیک اور سیٹھ روجن کی آوازوں کی وجہ سے یہ فلم باکس آفس پر کامیاب ہوئی۔
3۔ اوپن ہائمر
ہدایت کار کرسٹوفر نولن کی فلم اوپن ہائمر سال کی تیسری کامیاب ترین فلم بن کر سامنے آئی جس نے دنیا بھر سے 95 کروڑ ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا ہے۔
فلم میں جہاں کلین مرفی نے ایٹم بم کے خالق جے رابرٹ اوپن ہائمر کا کردار نبھایا ہے وہیں اس کی کاسٹ میں ایملی بلنٹ، میٹ ڈیمن، رابرٹ ڈاؤنی جونیئر، فلورنس پیو اور جوش ہارنیٹ بھی شامل تھے۔
فلم میں ان حالات و واقعات کو سامنے لانے کی کوشش کی گئی ہے جس کی وجہ سے امریکہ کو ایٹم بم بنانے کی ضرورت پڑی۔
اوپن ہائمر میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ ایٹم بم بنانے کے بعد اس کے خالق میں کیا تبدیلیاں آئیں جن کی وجہ سے انہیں حکومت نے عتاب کا بھی نشانہ بنایا۔
4۔ گارڈیئنز آف دی گیلکسی والیوم تھری
مارول اسٹوڈیوز کو اس سال باکس آفس پر زیادہ کامیابی تو نہیں ملی لیکن ان کی فلم 'گارڈیئنز آف دی گیلکسی والیوم تھری' نے باکس آفس پر 84 کروڑ 55 لاکھ ڈالرز کمائے ہیں۔
فلم کے ہدایت کار جیمز گن ہیں جو اس وقت حریف 'ڈی سی اسٹوڈیوز' کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیں۔
گزشتہ دو فلموں کی طرح فرانچائز کی اس فلم میں بھی اسٹار لارڈ اور اس کے ساتھیوں کا سامنا ایک ایسے حریف سے ہوتا ہے جو دنیا کو فتح کرنے کے ساتھ ساتھ اس پر لمبی حکمرانی کا خواب دیکھ رہا ہوتا ہے۔
کرس پریٹ کی اداکاری کی وجہ سے فلم میں کامیڈی کے ساتھ ساتھ ایکشن کا بھی تڑکا تھا جس سے شائقین خوب محظوظ ہوئے۔ ون ڈیزل اور بریڈلی کوپر کی آوازوں کی وجہ سے راکٹ ریکون اور گروٹ ایک بار پھر اسکرین پر جلوہ گر ہوئے۔
5۔ فاسٹ ایکس
فاسٹ اینڈ دی فیوریس سیزیز کی دسویں فلم نے باکس آفس پر اس طرح کامیابیاں تو نہیں سمیٹیں جتنی اس سے امید تھی۔
فلم کی اسٹار کاسٹ اور حیران کن اسٹنٹس کی بدولت شائقین اس سے محظوظ ہوئے۔
دنیا بھر سے 70 کروڑ 47 لاکھ سے زائد ڈالرز کمانے والی فلم میں مرکزی کردار ون ڈیزل نے ادا کیا تھا جن کے پیچھے ایک ایسا شخص پڑا ہوتا ہے جو اپنے باپ کی موت کا ذمے دار ڈومینیک اور اس کے ساتھیوں کو سمجھتا ہے۔
فلم کی کاسٹ میں ون ڈیزل کے ساتھ ساتھ مشیل روڈریگز، جون سینا، ٹائریز گبسن، جورڈانا بریوسٹر، جیسن مموا، جیسن اسٹیتھم اور چارلیز تھیرون بھی شامل تھیں۔
6۔ اسپائیڈر مین: اکروس دی اسپائیڈر ورس
ویسے تو اسپائیڈر مین کے کردار کا تعلق مارول کومیکس سے ہے لیکن اس کے حقوق سونی پکچرز کے پاس ہیں جنہوں نے چند سال قبل جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اینی میٹڈ فلم 'اسپائیڈر مین ان ٹو دی اسپائیڈر ورس' بنا کر شائقین کو حیران کر دیا تھا۔
رواں برس اس سیریز کی دوسری فلم اسپائیڈر مین: اکروس دی اسپائیڈر ورس' ریلیز ہوئی۔ اس فلم کی کہانی بھی مائلز مورالیس نامی نوجوان کے گرد گھومتی ہے دوسری دنیا کے تقریباً تمام ہی اسپائیڈر مخلوق اس کے خلاف ہو جاتے ہیں۔
فلم میں دکھایا گیا ہے کہ کیسے مائلز مورالیس اور اس کے ہم خیال اسپائیڈر فرینڈرز اس کی مدد کر کے مشکلات سے نکالتے ہیں۔ یہ فلم سال کی دوسری کامیاب ترین اینی میٹڈ فلم بن کر سامنے آئی ہے۔
'اسپائیڈر مین: اکروس دی اسپائیڈر ورس' نے دنیا بھر میں 69 کروڑ پانچ لاکھ ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا۔ فلم کی کہانی اس کے سیکوئل 'اسپائیڈر مین: بیونڈ دی اسپائیڈر ورس' میں اختتام پذیر ہو گی جس کی شوٹنگ ایکٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے رکی ہوئی تھی۔
7۔ دی لٹل مرمیڈ
والٹ ڈزنی اسٹوڈیو کی فلم دی لٹل مرمیڈ بھی اس سال کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک تھی جس نے دنیا بھر سے تقریباً 57 کروڑ ڈالرز کمائے تھے۔
یہ فلم 1989 میں ریلیز ہونے والی اینی میٹڈ فلم 'دی لٹل مرمیڈ' کا لائیو ایکشن ورژن تھی اور اس میں مرکزی کردار گلوکارہ ہیلی بیلی نے ادا کیا تھا۔
اس میوزیکل رومانوی فلم کی کہانی ایریل نامی ایک ایسی مرمیڈ کے گرد گھومتی ہے جس نے کبھی انسانوں کو نہیں دیکھا ہوتا۔
فلم میں دکھایا گیا ہے کہ جب پانی میں رہنے والی مخلوق انسانوں کی دنیا میں آتی ہے تو اسے کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
8۔ مشن امپاسبل: ڈیڈ ریکننگ پارٹ ون
اداکار و پروڈیوسر ٹام کروز کی فلم 'مشن امپاسبل: ڈیڈ ریکننگ پارٹ ون' کو باکس آفس پر اس قسم کی کامیابی تو نہیں ملی جیسی گزشتہ سال ان کی فلم 'ٹاپ گن میورک' کو ملی تھی لیکن اس کے باوجود فلم نے باکس آفس پر لگ بھگ 56 کروڑ 75 لاکھ ڈالرز کمائے۔
فلم کی کہانی امپاسبل مشن فورس نامی ایک تنطیم کے گرد گھومتی ہے جس کا کام دنیا بھر میں امن قائم کرنا اور کسی بھی ایک ملک کو دوسرے پر برتری حاصل کرنے سے روکنا ہوتا ہے۔
ٹام کروز اس فلم میں بھی سپر اسپائی ایتھن ہنٹ کے کردار میں نظر آئے جنہوں نے اس بار بھی ناقابلِ یقین اسٹنٹس کے ذریعے شائقین کو انٹرٹین کیا۔
تاہم 'باربی' اور 'اوپن ہائمر' سے صرف ایک ہفتہ قبل ریلیز ہونے والی فلم کے بزنس کو ان دونوں بلاک بسٹرز نے بری طرح متاثر کیا۔
شائقین پر امید ہیں کہ 'ڈیڈ رینکنگ پارٹ ون' کا دوسرا حصہ اس نقصان کا ازالہ کرسکے گا۔
اینٹ مین اینڈ دی واسپ: کوانٹامینیا
مارول اسٹیوڈیوز کی فلم 'اینٹ مین اینڈ دی واسپ: کوانٹامینیا' کو سال کے آغاز سے قبل ایک گیم چینجنگ فلم قرار دیا جا رہا تھا لیکن ریلیز کے بعد وہ شائقین کو اس طرح متاثر نہ کر سکی جس طرح کی اس سے توقع تھی۔
فلم نے دنیا بھر سے 47 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا۔ فلم میں جہاں پال رڈ، مائیکل ڈگلس اور اوینجلین للی کی اداکاری کو شائقین نے سراہا وہیں مشیل فائفر کو ایک اہم کردار میں دیکھ کر ان کے مداح بہت خوش ہوئے۔
اداکار جوناتھن میجرز نے اس فلم میں کینگ نامی ولن کا کردار نبھایا تھا لیکن بعد میں ذاتی نوعیت کے تنازعات کی وجہ سے انہیں مارول سنیمیٹک یونی ورس سے الگ کر دیا گیا۔
جس وقت ان پر ان کی گرل فرینڈ نے مبینہ تشدد کا الزام لگایا تھا تب کوانٹامینیا سنیما میں لگی ہوئی تھی اور ان کے کیس میں ملوث ہونے کی وجہ سے فلم کو بھی نقصان پہنچا۔
جان وک: چیپٹر فور
جان وک فرانچائز کو فالو کرنے والے تمام افراد ہی اس کی کہانی سے واقف ہوں گے لیکن 2023 میں ریلیز ہونے والے چوتھے حصے میں جان وک کو ایک ایسے حریف کا سامنا کرنا پڑا جو طاقت ور ہونے کے ساتھ ساتھ پیسے والا بھی تھا۔
اداکار کیانو ریوز نے ایکشن تھرلر سے بھرپور اس فلم میں ایک ایسے شخص کا کردار ادا کیا جو خود کا دفاع کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔
فلم کے ایکشن سین کو شائقین نے بے حد پسند کیا جس کی وجہ سے اس نے دنیا بھر سے 44 کروڑ ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا جو اس سیریز کی کسی بھی فلم کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔