نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کابینہ کے لیے مزید نئے نام سامنے آ گئے

  • نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو ریاست فلوریڈا کے علاقے پام بیچ میں امریکہ فرسٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ گالا میں شرکت کی۔
  • ٹرمپ نے اعلان کیا کہ رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر ان کی کابینہ میں محکمۂ صحت اینڈ ہیومن سروسز کے سربراہ ہوں گے۔
  • نومنتخب صدر نے وکیل ٹوڈ بلانچ کو ڈپٹی اٹارنی جنرل اور جان سور کو سولسٹر جنرل نامزد کیا ہے۔
  • ڈونلڈ ٹرمپ نے وعدہ کیا کہ وہ جمعے کو مزید عہدوں کے لیے ناموں کا اعلان کریں گے۔

ویب ڈیسک امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اہم عہدوں کے لیے نامزدگیوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک وہ وزیرِ خارجہ، وزیرِ دفاع سمیت کئی اہم عہدوں پر نامزدگیاں کر چکے ہیں۔

ٹرمپ نے جمعرات کو ریاست فلوریڈا کے علاقے پام بیچ میں امریکہ فرسٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ گالا میں شرکت کی جہاں ان کے حامیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب میں اُن شخصیات نے بھی شرکت کی جنہیں نو منتخب صدر نے حال ہی میں کئی اہم عہدوں پر نامزد کیا تھا۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ٹرمپ نے اعلان کیا کہ رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر ان کی کابینہ میں محکمۂ صحت اینڈ ہیومن سروسز کے سربراہ ہوں گے۔

ٹرمپ نے اپنے خلاف مقدمات کی پیروی کرنے والے وکیل ٹوڈ بلینچ کو ڈپٹی اٹارنی جنرل اور جان سور کو سولسٹر جنرل نامزد کیا ہے۔

ٹرمپ نے مارا لاگو میں منعقدہ تقریب میں اعلان کیا کہ وہ ڈوگ برگم کی بطور وزیرِ داخلہ نامزدگی کا اعلان جمعے کو کریں گے۔ ڈوگ برگم ریاست نارتھ ڈکوٹا کے گورنر ہیں۔

نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ تقریب میں موجود ارجنٹائن کے صدر ہاویئر ملے سے مصافحہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ جمعے کو مزید عہدوں کے لیے ناموں کا اعلان کریں گے۔

تقریب کے دوران نو منتخب صدر نے امیگریشن سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو اور ارب پتی شخص ایلون مسک سمیت اپنے تمام حامیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ پانچ نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ڈیموکریٹک حریف کاملا ہیرس کو شکست دی تھی۔ ٹرمپ آئندہ برس 20 جنوری کو اپنی ذمے داریاں سنبھالیں گے۔

منصب سنبھالنے سے قبل ٹرمپ نے کئی اہم عہدوں پر نامزدگیاں کی ہیں۔ اب تک وہ وزیرِ دفاع، وزیرِ خارجہ، ہوم لینڈ سیکیورٹی چیف، ڈائریکٹر سی آئی اے، ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی کے سربراہان، وائٹ ہاؤس چیف آف اسٹاف، اقوامِ متحدہ میں امریکی سفیر، مشیر برائے نیشنل سیکیورٹی اور اسرائیل کے لیے امریکہ کے سفیر سمیت دیگر عہدوں پر نامزدگیاں کر چکے ہیں۔