مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر نے معاوضہ دے کر سبسکرپشن حاصل کرنے والے اپنے صارفین کو سہولتیں دینی شروع کر دی ہیں۔
ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے جمعرات کو اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے اعلان کیا کہ اب ٹوئٹر پر معاوضہ ادا کر کے بلیو ٹک حاصل کرنے والے صارفین دو گھنٹے تک کی ویڈیو اپ لوڈ کرسکیں گے۔
اس سے قبل پیڈ سبسکرائبرز پلیٹ فارم پر 60 منٹ تک کی ویڈیو اپ لوڈ کر سکتے تھے۔
امریکی ٹیک ویب ساٹ 'ٹیک کرنچ' نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ٹوئٹر نے اپنے پیڈ سبسکرائبرز کے لیے دو جی بی کے بجائے آٹھ جی بی تک کی فائل اپ لوڈ کرنے کی سہولت متعارف کرائی ہے۔
اس کے علاوہ صارف 1080 پکسلز تک کی ویڈیو کوالٹی پر مشتمل ویڈیو شیئر کر سکتے ہیں۔
یہی نہیں ٹوئٹر پر طویل ویڈیو اپ لوڈ کرنے کا یہ فیچر پہلے صرف ویب صارفین کے لیے تھا لیکن اب یہ آئی او ایس ایپ صارفین کے لیے بھی ممکن ہے۔
البتہ ٹوئٹر کے نان پیڈ سبسکرائبرز پلیٹ فارم پر صرف 140 سیکنڈز کی ویڈیو ہی اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹوئٹر نے حال ہی میں سبسکرپشن حاصل نہ کرنے والے صارفین کے بلیو ٹک ختم کیے ہیں جس کے بعد اب صرف ان صارفین کو زیادہ سہولتیں دی جا رہی ہیں جو معاوضہ ادا کر رہے ہیں۔
SEE ALSO: لنڈا یاکیرینو ٹوئٹر کی نئی سی ای او بن گئیںطویل ویڈیو شیئر کرنے کا فائدہ کسے ہو گا؟
'ٹیک کرنچ' کے مطابق طویل ویڈیو کے اس فیچر سے 'آل ان پوڈکاسٹ' جیسے شوز کو فائدہ پہنچے گا جو اب اپنے شوز کی اقساط ٹوئٹر پر اپ لوڈ کرسکیں گے۔
ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے حال ہی میں ٹوئٹر کی نئی سی ای او کا اعلان کیا تھا اورہ اس خواہش کا اظہار بھی کرتے رہے ہیں کہ وہ ٹوئٹر کو 'ایوری تھنگ ایپ' بنانا چاہتے ہیں جو دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا مقابلہ کر سکے۔
ایلون مسک اپنے پیڈ سبسکرائبرز کے لیے پہلے ہی کئی تبدیلیاں کر چکے ہیں جن میں 10 ہزار الفاظ کی حد اور ٹوئٹس کو ایڈٹ کرنے کا فیچر بھی شامل ہے۔