پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور ون ڈے انٹرنیشنل میں عالمی نمبر ایک بابر اعظم نے مزید دو اعزاز ات حاصل کرلیے ہیں۔ بابر اعظم نے 2022 کے او ڈی آئی کرکٹر آف دی ایئر کے ساتھ ساتھ سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی بھی اپنے نام کرلی ہے۔
جمعرات کا دن بابر اعظم کے لیے دو خوشیاں اس وقت لے کر آیا جب انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل (آئی سی سی) کی جانب سے انہیں دو اعزازت سے نوازا گیا۔
پاکستانی کپتان مسلسل دوسرے برس آئی سی سی او ڈی آئی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
سال 2022 کے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کرنے کے پیچھے بابر اعظم کی نو ایک روزہ میچز میں شاندار کارکردگی تھی۔
بابر اعظم نے اگرچہ گزشتہ برس صرف نو ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے۔ لیکن ان نو میں سے تین میچز میں انہوں نے سینچریز جب کہ پانچ میں نصف سینچریز اسکور کی۔ صرف ایک میچ میں وہ زیادہ متاثر کن کاکردگی نہ دکھا سکے۔
انہوں نے مجموعی طور پر نو میچز میں 84 اعشاریہ 87 کے اوسط سے 679 رنز اسکور کیے۔
او ڈی آئی کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ کے ساتھ ہی بابر اعظم نے آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر کے لیے سرگار فیلڈ سوبرز ٹرافی بھی اپنے نام کرلی ہے۔
سرگار فیلڈ سوبرز ٹرافی کی نامزدگیوں میں بابر اعظم کے علاوہ انگلش بیٹر بین اسٹوکس، نیوزی لینڈ کے فاسٹ بالر ٹم ساؤتھی اور زمبابوے کے کھلاڑی سکندر رضا بھی شامل تھے۔
بابر اعظم دوسرے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں جو یہ ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ اس سے قبل سال 2021 میں پاکستانی فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
گزشتہ برس بابر اعظم کے لیے اچھا ثابت ہوااور بابر وہ واحد کھلاڑی تھے جنہوں نے کلینڈر ایئر کے دوران تمام فارمیٹس میں دو ہزار رنز کا ہندسہ عبور کیا۔
انہوں نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر 44 میچز میں دو ہزار 598 رنز بنائے جس میں ان کی آٹھ سینچریاں اور 17 نصف سینچریاں شامل تھیں۔ جو اب تک کی ان کی بہترین کارکردگی ہے۔
دو ایوارڈ جیتنے پر سوشل میڈیا پر بابر اعظم کے نام کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہا ہے اور کھلاڑیوں سمیت شائقین کرکٹ کی جانب سے بابر اعظم کو مبارک باد دی جا رہی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجنگ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ایک ٹوئٹ میں بابر اعظم کو مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ یہ بہت اچھی خبر ہے۔آپ نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔
ذیشان قیوم نامی ایک صارف نے لکھا کہ 'بابر اعظم نے مسلسل دوسرے برس او ڈی آئی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کیا ہے۔ اس لڑکے کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا۔'
عبدالغفار نامی ایک ٹوئٹر صارف نے ٹوئٹ کیا کہ بابر اعظم نے او ڈی آئی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ اور سرگار فیلڈ سوبرز ٹرافی جیتی، یہ پاکستان کے لیے کتنا فخر کا لمحہ ہے۔