روس میں تعینات امریکی سفیر مستعفی

جان ہنٹس مین جونیئر (فائل فوٹو)

روس کے لیے امریکہ کے سفیر جان ہنٹس مین جونیئر اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔

ہنٹس مین نے اپنا استعفیٰ منگل کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھجوایا ہے جس میں انہوں نے "دو طرفہ تعلقات کے اس مشکل ترین دور میں روس میں سفارت کی ذمہ داری سونپنے اور بھروسا کرنے پر" صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

امریکی سفیر نے کہا ہے کہ ان کا استعفیٰ 3 اکتوبر سے موثر ہو گا۔

جان ہنٹس مین کے استعفے سے قبل امریکہ کی قومی سلامتی کونسل میں روس سے متعلق امور کی نگران فیونا ہِل نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اطلاعات ہیں کہ وہ رواں ماہ ہی اپنا عہدہ چھوڑ دیں گی۔

ان استعفوں کا مطلب یہ ہے کہ ٹرمپ حکومت کو ایک ساتھ روس سے متعلق اپنے دو اہم ترین عہدے داروں کا متبادل ڈھونڈنا ہو گا۔

یہ تبدیلیاں ایسے وقت ہوں گی جب امریکہ اور روس کے تعلقات کشیدہ ہیں اور ارکانِ کانگریس صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے روس کے خلاف سخت تعزیرات عائد کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

روس کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے جان ہنٹس مین کے استعفے پر اپنے ردِ عمل میں کہا ہے کہ وہ ایک پیشہ ور سفارت کار تھے۔ لیکن، "امریکہ کے داخلی سیاسی معاملات" کی وجہ سے وہ اس قابل نہیں ہو سکے کہ روس کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مکمل طور پر پروان چڑھا سکیں۔

امریکی نشریاتی ادارے 'سی این این' نے دعویٰ کیا ہے کہ ہنٹس مین کی تبدیلی کا فیصلہ گزشتہ ہفتے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے روسی ہم منصب ولادی میر پوٹن کے درمیان ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو میں کیا گیا تھا۔

'سی این این' کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا تھا کہ امریکہ کو روس میں نیا سفیر تعینات کرنے کی ضرورت ہے۔ لیکن، دونوں رہنماؤں کی گفتگو کے دوران ہنٹس مین کے متبادل کے طور پر کوئی نام زیرِ غور نہیں آیا تھا۔

ہنٹس مین نے 2007ء میں روس میں امریکی سفیر کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔ ری پبلکن جماعت سے تعلق رکھنے والے ہنٹس مین جونیئر ریاست یوٹاہ کے گورنر تھے جب انہیں صدر براک اوباما نے 2009ء میں چین میں امریکہ کا سفیر نامزد کیا تھا۔

چین میں سفارت کی ذمہ داری سونپے جانے سے ایک سال قبل ہی وہ مسلسل دوسری مدت کے لیے یوٹاہ کے گورنر منتخب ہوئے تھے۔ تاہم، انہوں نے صدر اوباما کی جانب سے سفیر نامزد کیے جانے کے بعد گورنر شپ چھوڑ دی تھی۔

اطلاعات ہیں کہ جان ہنٹس مین اپنی آبائی ریاست واپس لوٹنے اور ایک بار پھر ریاست کے گورنر کا انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

جان ہنٹس مین اس سے قبل 1990ء کے اوائل میں سنگاپور میں امریکہ کے سفیر بھی رہ چکے ہیں جب کہ سابق صدر جارج ڈبلیو بش کے دور میں انہوں نے امریکہ کے نائب نمائندہ برائے تجارت کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں انجام دی تھیں۔