امریکی انتخابات کے لیے جاری ووٹنگ کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 3 کروڑ 30 لاکھ امریکی اگلے صدارتی انتخابات کےلیے پہلے ہی ووٹ ڈال چکے ہیں جس سے تجزیہ کاروں کو یہ اشارے مل رہے ہیں کہ اس سخت مقابلے میں کس کو فائدہ ہو سکتا ہے ۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کولوراڈو، نواڈا اور ورجینیا میں انتخابی دن سے قبل ہونے والی ووٹنگ ڈیمو کریٹ ہلری کلنٹن کے حق میں جا رہی ہے، جن کی ڈیمو کریٹک پارٹی میں انتخابی مہم کے کارکنوں کی تعداد ری پبلکن پارٹی کے کارکنوں سے زیادہ ہے جوامکانی ووٹروں کو پولنگ اسٹیشنوں تک لانے کے لیے فعال ہیں ۔
تاہم ایسی علامات موجود ہیں کہ انہیں ملک کے دوسرے مرکزی حصوں میں ، جن میں اوہائیو شامل ہے ، مشکلات درپیش ہیں ، جہاں گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں نسبتاً کم لوگوں نے انتخابی دن سے قبل ووٹ ڈالے ہیں ۔
امریکہ کی تمام پچاس ریاستوں میں سے ہر ایک جلد ووٹنگ کے اور اس کے آغاز کے وقت کے حوالے سے اپنے اصول طے کرتی ہیں۔
اب جب کہ انتخابات اب صرف چند روز کی دوری پر ہیں، رائے عامہ کے جائزے کلنٹن اور ریپبلکن امیدوار ڈونلڈٹرمپ کے درمیان سخت مقابلہ ظاہر کر رہے ہیں۔
رئیل کلئیر پولیٹکس کے جائزے میں ہلری کلنٹن کو ٹرمپ کے44.8 فیصد اوسط ووٹوں کے مقابلے میں 46.6 فیصد ووٹوں کے ساتھ معمولی سبقت حاصل ہے۔ سخت مقابلے کے متعدد کلیدی ریاستوں میں بھی ان کی برتری کم ہو گئی ہے۔
ہلری کی سبقت ایف بی آئی کی جانب سے آخری لمحات میں ان انکشافات کے بعد کم ہوئی ہے کہ وہ ابھی تک ان کے نجی ای میل سرور کے استعمال کے بارے میں تفتیش کر رہی ہے ۔ ٹرمپ الزام عائد کرتے ہیں کہ کلنٹن قانونی مسائل میں اتنی الجھ چکی ہیں کہ ان کا انتخاب امریکہ کو ایک آئینی بحران میں دھکیل سکتا ہے ۔
لیکن یونیورسٹی آف ورجینیا کے ایک سیاسی تجزیہ کار کائل کونڈک کہتے ہیں کہ ایسا کوئی امکان نہیں ہے کہ ایف بی آئی کے تازہ ترین انکشافات بہت سے ووٹروں کے ذہنوں کو تبدیل کر رہے ہیں اور مقابلے کے آخری دنوں میں رائے عامہ کے جائزوں میں مقابلے کا سخت دکھائی دینا غیر معمولی نہیں ہوتا۔
دونوں امیدوار ہفتے کے روز فلوریڈا میں مہم چلارہے ہیں جہاں رائے عامہ کے تازہ ترین جائزے سخت مقابلہ ظاہر کر رہے ہیں ۔ ٹرمپ کی ایک تقریب کو گورنر کرس کرسٹی کے ساتھ ہفتے کے روز نیو جرسی میں ہونا تھی ، لیکن اسے اس کےبعد منسوخ کر دیا گیا جب جمعے کے روز گورنر کے دومشیروں کو جارج واشنگٹن برج لین کی بندش کے اسکینڈل میں ان کے عمل دخل کے تمام الزامات کا مجرم پایا گیا۔
ہلری کلنٹن ہفتے کے روز فلاڈلفیا میں کیٹی پیری کے ساتھ ایک کنسرٹ کی میزبانی بھی کریں گی۔ ڈیمو کریٹک امیدوار پیر کےروز 'برادر لی لو'شہر میں ایک ریلی کےلیئے واپس آئیں گی جس میں امریکی صدر براک أوباما ، خاتون اول مشیل أوباما اور ہلری کلنٹن کے شوہر سابق صدر بل کلنٹن شریک ہوں گے ۔