امریکی صدر براک اوباما کی مقبولیت کی حد میں مزید کمی آگئی ہے۔ جمعرات کو جاری ہونے والے کیونیپیک کے جائزے سے پتا چلتا ہے کہ روزگار کے معاملےپر صدر اوباما کی مجموعی طور پر مقبولیت 52فی صد کی ریکارڈ حد تک گِر گئی ہے، جب کہ اِس سلسلے میں اُن کی کارکردگی کے لیےحمایت 42فی صد رہ گئی ہے۔ اِس درجہ بندی میں کانگریسی راہنما اور بھی کمتر رائے رکھتے ہیں۔
دریں اثنا، سی این این/آو آر سی کے ایک سروے میں شامل امریکیوں کی تقریباً دو تہائی نے صدر کی طرف سے معیشت کو چلانے کے سلسلے میں اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
سی این این کے جائزےمیں شریک 66فی صد لوگوں نے وفاقی خسارے سےنمٹنے کی مسٹر اوباما کی پالیسیوں کو نا پسند کیا ہے ، جب کہ روزگار کے معاملےپر لیے گئے اقدامات پر 62فی صدنے نا پسندیدگی کا اظہار کیا ہے، جوقومی سطح پر نو فی صد سےبھی زائد ہے۔
خارجہ پالیسی کے معاملات پر صدر اوباما کو زیادہ مقبولیت حاصل ہے، جب کہ جائزے میں شامل اکثریت نے دہشت گردی کے ساتھ ساتھ لیبیا کی صورتِ حال سے نبردآزما ہونےکی کارکردگی پر اُن کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔