جمعرات کو شائع ہونے والی خبروں میں امریکی معیشت کی سست روی، افراط زر اور بے روزگاری میں اضافے اور جائیدادوں کی قیمتوں میں مزید کمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ایک پرائیویٹ ریسرچ گروپ ، کانفیڈینس بورڈ‘ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جون کی نسبت جولائی میں معیشت بہتر رہی ۔
جب کہ کئی دوسری جائزہ رپورٹوں میں معیشت کے نیچے کی جانب رجحان کااشارہ کیا گیا ہے۔ایک کاروباری تنظیم نیشنل ایسوسی ایشن آف ریئلٹرز کا کہناہے کہ جولائی میں گھروں کی فروخت میں ساڑھے تین فی صد کی کمی دیکھی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری کی جانے والی ایک رپورٹ سے ظاہر ہواہے کہ جولائی میں ایندھن، کھانے پینے کی چیزوں اور ملبوسات کی قیمتوں میں اس سے قبل کے چار مہینوں کے مقابلے میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔جب کہ جون میں ان کی قیمتیں کم ہوئی تھیں۔
کئی دوسرے اعدادوشمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ بے روزگاری الاؤنس کے لیے اپنا نام درج کرانے والے امریکیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور پچھلے ہفتے ان میں مزید نوہزار افراد کا اضافہ ہوا ، جس کے بعد رجسٹررڈ بے روزگار افرا دکی تعداد چار لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔
بے روزگاری الاؤنس کے لیے درج افراد کی تعداد یہ ظاہر کرتی ہے کہ کتنے افراد کو اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھونے پڑے ہیں۔