پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں نجی ہاؤسنگ اسکیم بحریہ ٹاؤن کی جانب سے قریبی دیہات کے مکینوں کو مبینہ طور بے دخل کرنے کے خلاف متاثرین اور قوم پرست سیاسی جماعتوں نے اتوار کو احتجاج کیا۔ احتجاج کے دوران مشتعل افراد نے ہاؤسنگ اسکیم کے داخلی دروازے کو آگ لگا دی جب کہ مختلف دکانوں، گاڑیوں اور دفاتر کو بھی نذرِ آتش کر دیا۔
اس احتجاج کی کال سندھ کی قوم پرست جماعتوں نے دی تھی۔ ان جماعتوں میں قومی عوامی تحریک، جئے سندھ محاذ، سندھ مزاحمتی تحریک، سندھ یونائیٹڈ پارٹی، سندھ انڈیجنس رائٹس آرگنائزیشن اور عوامی ورکرز پارٹی سمیت دیگر جماعتیں بھی شامل تھیں۔
احتجاج کے باعث کراچی سے صوبے کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد آنے اور جانے والے ٹریک پر گاڑیوں کی آمدورفت مکمل طور پر بند رہی۔ کشیدگی بڑھنے پر پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔
احتجاج کی کال پر مظاہرین کی بڑی تعداد صبح ہی سے بحریہ ٹاؤن کے مرکزی دروازے کے باہر پہنچنا شروع ہو گئی تھی۔
یہ مظاہرین کراچی کے علاوہ ٹھٹھہ، بدین، حیدر آباد اور ٹنڈو محمد خان سے بسوں، ویگنوں اور نجی گاڑیوں پر پہنچے تھے۔
مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے احتجاجی قافلوں کو کئی مقامات پر روکا۔ تاہم صوبائی حکومت نے ان الزامات کی تردید کی ہے جب کہ صوبے کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج مظاہرین کا حق ہے۔
احتجاج میں شریک سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ جلال محمود شاہ کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی مدد سے بحریہ ٹاؤن کی جانب سے مبینہ قبضوں کے خلاف پر امن احتجاج کی کال دی گئی تھی۔
وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پرتشدد احتجاج کی مذمت کی اور اس سے لاتعلقی کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے پہلے تو لوگوں کو اس احتجاج میں شرکت سے روکنے کی بھرپور کوشش کی اور اس میں ناکامی کی صورت میں سازش کے تحت احتجاج کو پرتشدد بنایا گیا۔
جلال محمود شاہ کا کہنا تھا کہ وہ صوبۂ سندھ میں برسراقتدار پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کو بحریہ ٹاؤن کی جانب سے زمینوں پر مبینہ قبضے میں برابر کا شریک سمجھتے ہیں اور اس کے خلاف وہ دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر آواز اٹھاتے رہیں گے۔
دوسری جانب اس صورتِ حال پر اب تک سندھ حکومت کا مؤقف سامنے نہیں آیا ہے. تاہم ضلع ملیر کی پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صورت حال کنٹرول کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور مظاہرین کو بحریہ ٹاؤن سے باہر نکال دیا گیا ہے۔ جب کہ سڑک کو کھولنے کے لیے بھی اضافی نفری طلب کر لی گئی ہے۔
ہنگامہ آرائی کے دوران ایک بینک کو بھی نقصان پہنچایا گیا اور اے ٹی ایم کو لوٹ لیا گیا۔
بحریہ ٹاؤن نے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بحریہ ٹاؤن کراچی پاکستان کی سب سے جدید کمیونٹی اور روشن سندھ کی پہنچان ہے جسے منظم سازش کے ذریعے نقصان پہنچایا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس واقعے کے دوران حیرت انگیز طور پر حکومت کے ذمہ داران، سندھ پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔
ادھر ایس ایس پی ضلع ملیر عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ ایم نائن موٹر وے کو عام ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ تاہم ممکنہ احتجاج کے پیشِ نظر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہے گی۔
احتجاج کیوں کیا جارہا ہے؟
مظاہرین کے بقول نجی ہاؤسنگ اسکیم نے اپنی حدود سے باہر ہزاروں ایکڑ پر قدیم دیہات کی زمینوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ بحریہ ٹاؤن کے ساتھ متصل کئی دیہات کے لوگوں کا الزام ہے کہ سرکاری سرپرستی میں ان کی زمینوں پر مسلسل قبضہ کیا جا رہا ہے۔ بحریہ کا اصل رقبہ 16 ہزار ایکڑ سے تجاوز کرکے 45 ہزار ایکڑ تک جا پہنچا ہے۔
چند ہفتے قبل بھی ان دیہات کے رہنے والوں نے احتجاجی مظاہرے کیے تھے اور حکومت سے مطالبہ کیا تھاکہ اُن کی زمینوں پر قبضے کو روکا جائے۔
احتجاج کا سلسلہ گزشتہ پانچ برس سے وقتاً فوقتاً جاری ہے اور یہاں کی مقامی دیہی آبادی کے مطابق عدالتی فیصلہ آنے کے بعد بھی ان کی زمینوں پر قبضے کا سلسلہ جاری ہے۔
بحریہ ٹاؤن کراچی کے اردگرد دیہات میں رہنے والے ان مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ پانچ برسوں سے ان کارروائیوں کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
مقامی دیہاتیوں کے احتجاج میں گزشتہ ہفتے اس وقت شدت آ گئی تھی جب نجی ہاؤسنگ اسکیم نے مبینہ طور پر اپنی ملکیت کے دعوے کے تحت دیہات کی زمینوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی تھی۔
ان دیہات میں مقیم رہائشیوں کا کہنا ہے کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی ان کے راستے بند کر رہی ہے جب کہ کئی دیہات پہلے ہی بحریہ ٹاؤن کی حدود میں شامل کیے جا چکے ہیں۔
بحریہ ٹاؤن کے قریب جن دیہات پر قبضے کی شکایات کی جارہی ہیں ان میں نور محمد گبول گوٹھ، عبداللہ گبول گوٹھ، ہادی بخش گبول گوٹھ اور کمال خان جوکھیا اور داد کریم بلوچ کی زمینیں شامل ہیں۔
بحریہ ٹاؤن کی جانب سے اس معاملے پر خاموشی ہی اختیار کی جاتی رہی ہے تاہم نو مئی کو سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ بحریہ ٹاؤن کبھی کسی زیادتی یا غیر قانونی سرگرمی کا حصہ بنا ہے اور نہ مستقبل میں ایسی کسی سرگرمی میں شامل ہو گا۔
انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ بعض مقامی سیاسی افراد بحریہ ٹاؤن کو بلیک میل کر رہے ہیں جن کا مقصد سیاسی اور مالی مفادات حاصل کرنا ہے۔
بحریہ ٹاؤن اور کراچی کے دیہات میں بسنے والوں کے درمیان اس تنازع سے متعلق سندھ میں برسر اقتدار جماعت پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی صوبائی حکومت کو تحقیقات کرنے کی ہدایت کی تھی تاحال اس بارے میں کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔