آسٹریلوی ٹیم کو دھچکا، ایک اور کھلاڑی بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے آؤٹ

کرکٹ آسٹریلیا نےایک بیان میں کہا ہے کہ ڈیوڈ وارنر بھارت سے وطن واپس آ رہے ہیں جو سیریز کے بقیہ دو میچز نہیں کھیل سکیں گے۔

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے اوپنر ڈیوڈ وارنر کہنی میں فریکچر کی وجہ سے بھارت کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

ڈیوڈ وارنر بھارت میں جاری چار ٹیسٹ میچز کی سیریز کے بقیہ دو میچز نہیں کھیل سکیں گے۔ ان کی جگہ میتھیو رینشا متبادل کھلاڑی کے طور پر موجود ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا نے منگل کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈیوڈ وارنر بھارت سے وطن واپس آ رہے ہیں جو سیریز کے بقیہ دو میچز نہیں کھیل سکیں گے۔

گزشتہ ہفتے دہلی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھارتی فاسٹ بالر محمد سراج کی تیز رفتار گیند کہنی پر لگنے کی وجہ سے ڈیوڈ وارنر زخمی ہو گئے تھے۔ بعدازاں ایکسرے میں بلے باز کی کہنی میں معمولی فریکچر کی تصدیق ہوئی تھی۔

ڈیوڈ وارنر ایسے موقع پر ٹیم سے باہر ہوئے ہیں جب سیریز میں کم بیک کے لیے مہمان آسٹریلیا کو سخت چیلنج کا سامنا ہے۔ چار ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں میزبان ٹیم کو 0-2 کی برتری حاصل ہے۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز بھی خاندان میں بیماری کی وجہ سے سیریز چھوڑ کر سڈنی پہنچ چکے ہیں اور اب ڈیوڈ وارنر کے سیریز سے آؤٹ ہونے کو آسٹریلوی بیٹنگ لائن کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

آسٹریلیا پہلے ہی اپنے فاسٹ بالر جوش ہیزل وڈ کی خدمات سے محروم ہے جب کہ مچل اسٹارک اور کیمرون گرین بھی انجریز کی وجہ سے پہلے اور دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کو دستیاب نہیں تھے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق امید ہے کہ ڈیوڈ وارنر جلد صحت یاب ہونے کے بعد بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے دستیاب ہوں گے۔

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان تین ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 17 مارچ سے ہو گا۔