پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ افغان سرحد کے ساتھ واقع قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں کیے گئے ایک امریکی میزائل حملے میں 12 شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' نے مقامی پاکستانی حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ بغیر پائلٹ کے امریکی طیاروں سے داغے گئے دو میزائلوں نے جنوبی وزیرستان کےعلاقے شکئی میں ایک کمپائونڈ کا نشانہ بنایا۔
ایجنسی کے مطابق مقامی طالبان شدت پسند حملے کا نشانہ بننے والے کمپائونڈ کو تربیتی کیمپ کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ میزائل حملےمیں تربیتی کیمپ مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے جبکہ وہاں موجود 12 شدت پسند بھی مارے گئے ہیں۔
اس سے قبل پیر کی دوپہر جنوبی وزیرستان ہی کے علاقے درہ نشتر میں کیے گئے ایک امریکی میزائل حملے میں کم از کم 8 مشتبہ شدت پسند ہلاک ہوگئے تھے۔
امریکی خبر رساں ایجنسی 'ایسوسی ایٹڈ پریس' نے مقامی انتظامیہ کے عہدیداروں کے حوالے سے کہا تھا کہ امریکی ڈرون طیاروں سے داغے گئے میزائلوں کا ہدف ایک گاڑی تھی جو حملے میں مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ حملے میں گاڑی میں سوار 8 مشتبہ شدت پسند بھی مارے گئے۔
واضح رہے کہ افغان سرحد سے ملحقہ پاکستانی قبائلی علاقوں تک ذرائع ابلاغ کی رسائی نہ ہونے کے باعث یہاں پیش آنے والے بیشتر واقعات کی غیر جانبدار ذرائع سے تصدیق تقریباً ناممکن ہے۔