امریکہ کے صدر جو بائیڈن کے میڈیکل ایڈاوائزر اور متعدی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے ملک میں کرونا وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ کے خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ''ہم غلط سمت میں جا رہے ہیں۔''
وائس آف امریکہ کے نمائندہ کین بریڈویئر کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر فاؤچی نے سی این این کے 'اسٹیٹ آف دی یونین' شو میں اتوار کو گفتگو کرتے ہوئے ملک میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق نئے خطرے کا اظہار کیا۔ بالخصوص ان علاقوں میں جہاں ڈیلٹا ویرینٹ تیزی سے پھیل رہا ہے اور لوگ ویکسین لگوانے میں انکار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ "ملک کی 50 فی صد آبادی نے اب تک ویکسین نہیں لگوائی جو ایک مسئلہ ہے اور ہم خود کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔"
ڈاکٹر فاؤچی کا کہنا تھا کہ جن افراد کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے وہ بشمول ڈیلٹا ویرینٹ سے 'زیادہ محفوظ' ہیں۔ لیکن اپریل کے وسط سے امریکہ میں ویکسی نیشن کا عمل 80 فی صد سے زائد حد تک کم ہوا ہے۔
امریکہ میں اس وقت اسپتالوں میں مریضوں کے داخلے اور اموات گزشتہ موسمِ سرما کی شدید لہر کے مقابلے میں کافی کم ہیں۔ لیکن ملک کے ان حصوں میں نئے انفیکشنز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جہاں ویکسین لگوانے سے متعلق شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں اور ویکسین سے متعلق حکومتی تجاویز پر مزاحمت کا سامنا ہے۔
SEE ALSO: موسم خزاں تک امریکہ بڑی حد تک کرونا وائرس پر قابو پا لے گا، ڈاکٹر فاؤچیامریکہ میں ہفتے کو 51 ہزار سے زائد نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے جو گزشتہ دو ہفتوں کے مقابلے میں 172 فی صد کا اضافہ ہے۔ اس کے علاوہ حالیہ ہفتوں میں یومیہ 250 سے زائد اموات رپورٹ ہو رہی ہیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ 16 کروڑ 20 لاکھ سے زائد امریکیوں کی مکمل ویکسی نیشن ہو چکی ہے، جو ملک کے 49 فی صد آبادی کے برابر ہے جن میں لگ بھگ 60 فی صد بالغ ہیں۔
البتہ رائے عامہ کے جائزے ظاہر کرتے ہیں کہ ویکسین نہ لگوانے والے 80 فی صد امریکیوں کا کہنا ہے کہ حکام چاہے جتنا اصرار کریں وہ ویکسین نہیں لگوائیں گے۔
Your browser doesn’t support HTML5
اس سے قبل امریکہ میں کچھ قدامت پسند سیاست دانوں کی جانب سے ویکسی نیشن سے متعلق محتاط نقطۂ نظر اپنایا گیا تھا یا یہ کہا گیا تھا کہ ٹیکہ لگوانا ذاتی پسند کا معاملہ ہے۔ البتہ اب ان میں سے کچھ سیاست دان ان افراد پر غصے کا اظہار کر رہے ہیں جو ویکسین لگوانے سے انکاری ہیں۔
ریاستِ الاباما کی گورنر کے آئی وی نے گزشتہ ہفتے ویکسین نہ لگوانے سے متعلق کہا تھا کہ ''یہ لوگ خطرناک طرزِ زندگی کا انتخاب کر رہے ہیں۔''
ریاست آرکنسا کے بھی ری پبلکن گورنر ایسا ہچنسن اپنی جنوبی ریاست میں کافی وقت سے ویکسی نیشن پر زور دے رہے ہیں۔ لیکن ان کی ریاست کم ترین ٹیکے لگوانے والوں کی شرح میں سے ایک ہے۔ حال ہی میں ان کی ریاست میں دو کمر عمر افراد بھی کووڈ-19 سے انتقال کرگئے تھے۔
انہوں نے سی این این کو بتایا کہ 'یہ خطرے کی گھنٹیاں ہیں۔' ان کے بقول یقینی طور پر (ٹیکہ لگانے) کے لیے مزاحمت زیادہ ہے۔
کچھ امریکی شہروں بشمول لاس اینجلس اور سینٹ لوئس میں ماسک پہننے سے متعلق نئے احکامات کا نفاذ کیا گیا ہے۔ ویکسی نیشن کے باوجود عوامی مقامات (پبلک انڈور اسپیسز) پر ماسک پہننے کا حکم دیا گیا ہے۔ دیگر شہر بھی اس طرح کے احکامات جاری کرنے پر غور کر رہے ہیں۔