بیت اللحم، دھیشہ کیمپ اور اسرائیل فلسطین مغربی کنارے کی دیوار

بیت اللحم (فلسطین) میں اسرائیل فلسطین مغربی کنارے کی دیوار پر

قسط نمبر 8۔۔۔ دیوار پر لگے پوسٹرز میں فلسطینیوں نے مختصر کہانیوں میں بیان کیا ہے کہ کس طرح یہ دیوار ان کی زندگیوں کو تقسیم کرنے کا سبب بنی اور کیسے دیوار کے اِس پار رہنے والے لوگ دیوار کے اُس پار رہنے والے اپنے خاندانوں سے ملنے سے قاصر ہیں۔

گذشتہ سے پیوستہ۔۔۔

آج ہماری منزل عیسائیت کا مقدس شہر ’بیت اللحم‘ اور اسلام کے لیے مقدس شہروں میں سے ایک ’الخلیل‘ تھا۔ ٹھیک گیارہ بجے عبدالقادر پہنچ چکا تھا۔ عبدالقادر کی وقت کی پابندی کی عادت قابل ِتعریف اور عرب ثقافت سے یکسر مختلف تھی۔ باہر کالی گھٹائیں چھائی ہوئی تھیں اور یوں معلوم ہو رہا تھا کہ جیسے بادل اب برسے کہ تب۔

’پہلے بیت اللحم چلتے ہیں اور وہاں سے نکل کر ہم سیدنا ابراہیم علیہ السلام کے مرقد پر جائیں گے۔ امید ہے کہ ہمیں عصر کی نماز وہاں مل جائے گی‘، عبدالقادر آج کے دن کا پلان بتا رہا تھا۔بیت اللحم یروشلم کے جنوب اور دریائے اردن کے مغربی کنارے پر واقع شہر ہے جس کی آبادی تقریبا 25 ہزار نفوس پر مشتمل ہے اور یہاں کی معیشت کا انحصار سیاحت پر ہے۔

فلسطینی حدود میں داخل ہوتے ہوئے تنبیہی بورڈ

اسرائیلی حدود سے نکلتے ہوئے اور فلسطینی علاقے میں داخل ہوتے ہوئے جگہ جگہ سرخ رنگ کے بورڈ لگائے گئے ہیں جن پر تنبیہ درج ہے کہ آپ اسرائیلی علاقہ چھوڑ کر فلسطینی علاقے میں داخل ہو رہے ہیں۔یہودیوں کو قانونا ً فلسطینی شہروں اورعلاقوں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں۔ اسی طرح فلسطینی اسرائیل کے زیر ِانتظام علاقوں اور شہروں میں داخل نہیں ہوسکتے۔

ہم ابھی بیت اللحم سے دس پندرہ منٹ کی دوری پر تھے کہ عبدالقادر نے ہمیں بتایا، ’’یہ سامنے’مخیم الدھیشہ‘ ہے یعنی دھیشہ ریفیوجی کیمپ جہاں فلسطینی کئی نسلوں سے آباد ہیں۔ یہ کیمپ 1949ء میں عرب اسرائیل جنگ کے نیتجے میں یروشلم اور الخلیل کے بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کے لیے ایک عارضی مقام کے طور پر آباد کیا گیا تھا۔ 1967ء کی عرب اسرائیل چھ روزہ جنگ کے نیتجے میں اس کیمپ کا انصرام اسرائیل کے پاس آگیا۔ مگر 1995ء سے فلسطینی حکام اس کیمپ کو سنبھالتے ہیں‘‘۔

دھیشہ کیمپ میں ایک معمر فلسطینی خاتون سبزیاں بیچتے ہوئے


اس آبادی میں عمارتوں کی مخدوش حالت اس کیمپ کے مکینوں کی غربت کا پتہ دے رہی تھی۔ میں نے عبدالقادر سے کچھ دیر ٹھہرنے کا کہا۔ جس گلی میں ہم رکے وہاں ایک اونچی سی مسجد تھی جس کے آگے معمر فلسطینی بیٹھے گپ شپ لگا رہے تھے، جیسے ہمارے گلی محلوں میں گئے وقتوں میں بزرگ اکٹھے ہو جایا کرتے تھے۔ ایک نکڑ پر ضعیف عورت سبزیوں کی چھابڑی سنبھالے بیٹھی تھی۔ ساتھ ہی ایک چھوٹی سی دکان میں تازہ فلافل (عربی پکوڑے) تیار کیے جا رہے تھے۔ پاس میں ہی ایک اور دکان تھی جہاں فلافل اور شاورمے بن رہے تھے۔ یہ دکان ایک عرب نوجوان خاتون چلا رہی تھیں، مجھے بہت حیرانی ہوئی۔ میں نے کوشش کی کہ دکان کے اندر جا کر خاتون سے ویڈیو پر کچھ بات کر سکوں یا تصویریں بنا سکوں مگر جواں سال عرب خاتون اس بات پر آمادہ نہ تھیں۔

ہمیں دیکھ کر چند دیگر فلسطینی خواتین بھی دکان میں داخل ہو گئیں۔ یہ جان کر کہ میں صحافی ہوں اور پاکستانی بھی، ایک معمرعرب خاتون آگے بڑھی اورعربی میں کچھ کہنے لگی۔ غالبا دعائیں دے رہی تھی۔ پھر اس نے مجھ سے کوئی سوال کیا، جو پاس کھڑی نوجوان عرب خاتون نے ٹوٹی پھوٹی انگریزی میں سمجھایا، ’کیا تم مسجد ِاقصیٰ گئی ہو؟‘ ۔ میں نے جواب دیا کہ، ’ہاں‘۔تو اس عرب خاتون کے چہرے پر بیک وقت خوشی اور اداسی کا رنگ ٹھہر گیا، یکایک اس کی آنکھیں آنسوؤں سے تر ہو گئیں اور وہ میرا ہاتھ تھامے کتنی ہی دیرعربی میں کچھ کہتی رہی اور زار و قطار روتی رہی۔ نوجوان عرب خاتون نے بتایا، ’یہ کہہ رہی ہیں کہ تم خوش قسمت ہو کہ امریکہ سے آکر مسجد ِاقصیٰ ہو آئیں‘۔

Your browser doesn’t support HTML5

اسرائیل فلسطین مغربی کنارے کی دیوار


ہاں سے نکل کر ہم کچھ ہی فاصلے پر اس دیوار کی جانب چل پڑے جو اسرائیل اور فلسطین کو تقسیم کرتی ہے جسے Israeli West Bank Barrier یا مغربی کنارے کو تقسیم کرنے والی دیوار کہا جاتا ہے۔ 440 میل طویل اس دیوار کو اسرئیل ’سیکورٹی بیرئیر‘ جبکہ فلسطینی ’نسلی تعصب پر مبنی رکاوٹ‘ قرار دیتے ہیں یہ دیوار ستمبر 2000ء میں اس وقت بنائی گئی جب اسرائیلی جنرل ایریل شیرون (جو مارچ 2001ء میں اسرائیل کے وزیرِاعظم بھی بنے) نے الحرم الشریف (جسے یہودی Temple Mount کہتے ہیں) کا دورہ کیا۔ اس واقعے کے بعد فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان تشدد اور ہنگامے پھوٹ پڑے تھے۔

اسرائیل فلسطین مغربی کنارے کی دیوار پر لگا ایک پوسٹر


ہم اب بیت اللحم میں تھے اور اس دیوار کے نقطہ ِآغاز پر کھڑے تھے۔ دیوار پر جا بجا تصویری اور گرافیٹی کی گئی ہے۔ دیوار پر بہت سے ایسے پوسٹر لگائے گئے ہیں جس پر فلسطینیوں نے مختصر کہانیوں میں بیان کیا ہے کہ کس طرح یہ دیوار ان کی زندگیوں کو تقسیم کرنے کا سبب بنی اور کیسے دیوار کے اِس پار رہنے والے لوگ دیوار کے اُس پار رہنے والے اپنے خاندانوں سے ملنے سے قاصر ہیں۔

بیت اللحم میں کنیستہ المہد کے باہر۔ مسیحی عقیدے میں اسے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی جائے پیدائش مانا جاتا ہے


کچھ دیر یہاں رکنے کے بعد ہم کنیستہ المہد یا Church of Nativity پہنچے جسے مسیحی حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی جائے پیدائش مانتے ہیں۔میں اس قطار کا حصہ بن گئی جو چرچ میں داخل ہو رہی تھی۔عیسائی خواتین نے اپنے سر ڈھانپ رکھے تھے۔ اندر داخل ہو کر نیچے تہہ خانے کی طرف اندھیری سیڑھیاں اس مقام کی طرف لے جاتی ہیں جسے سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش سے منسوب کیا جاتا ہے۔ مسیحی یہاں ماتھا ٹیک رہے تھے اور اس جگہ کو چوم رہے تھے۔ تصویریں کھینچنے اور عقیدت کا اظہار کرنے کے بعد لوگ عقبی دروازے سے باہر کی طرف نکل رہے تھے۔

چرچ سے نکل کر ہم قریبی چوک ’میدان المھد‘ جسے Manger Square کہا جاتا ہے کی طرف چل پڑے، یہ بیت للحم کا اہم سیاحتی مرکز ہے جہاں تنگ گلیوں میں ایک بڑے بازار کے آباد ہونے کے ساتھ اس شہر کی واحد اور سب سے قدیم مسجد ’مسجد ِعمر‘ واقع ہے۔ حضرت عمر بن خطاب نے یروشلم فتح کرنے کے بعد 637 سن ِعیسوی میں بیت اللحم کا دورہ کیا تھا اور وہاں کی مسیحی آبادی کو یقین دلایا تھا کہ ان کے حقوق اور حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔

بازار میں کپڑے، جوتوں سے لے کر کھانے پینے اور شہر کے یادگاری تحفوں سمیت بہت سی دکانیں موجود تھیں۔ہم نے صراف کی دکان سے سو ڈالر تڑوائے جس کے ہمیں تین سو بہتر شیکلز ملے۔ فلسطین میں دکانداروں سے آپ پاکستان کے دکانداروں کی طرح بھاؤ تاؤ کر سکتے ہیں۔ اور دکاندار کچھ ہی دیر میں دام اپنے بتائے ہوئے دام سے بہت کم کر دیتے ہیں۔ کشمیر سے پشمینہ کا بنا ہوا ایک سکارف جس کی قیمت مجھے دکاندار نے تیس شیکلز بتائی تھی، آخر میں پندرہ شیکلز کا خریدا۔ یہاں پر دکاندار مقامی شیکلز اور امریکی ڈالر دونوں قبول کر لیتے ہیں۔

Your browser doesn’t support HTML5

بیت اللحم میں انار کا جوس

بیت اللحم سمیت پورے فلسطین اور اسرائیل کی ایک خاص سوغات انار کا رس ہے، جو ہر دوسری تیسری گلی میں کسی نہ کسی ٹھیلے پر آپ کو دکھائی دیتا ہے۔ دس شیکلز میں انار کے جوس کا گلاس ہمیں تازہ دم کرنے کو کافی تھا کہ ابھی ہمارا آدھا سفر باقی تھا اور ہم نے اب فلسطینی شہر ’الخلیل‘ کا رخ کرنا تھا۔۔۔

جاری ہے۔۔۔