امریکی خاتونِ اول مشیل اوباما نےآئندہ ماہ منائے جانے والےعیسائیوں کےتہوار'کرسمس' کے لیے روایتی درخت جمعہ کو وہائٹ ہاؤس میں ہونے والی ایک تقریب میں وصول کیا۔
امریکی صدر براک اوباما کی اہلیہ نے اپنی دونوں صاحبزادیوں، ساشا اور مالیا، اور اپنے پالتو کتے 'بو' کے ہمراہ درخت کا معائنہ کیا جسے ایک بگھی کے ذریعے وہائٹ ہاؤس پہنچایا گیا تھا۔
مذکورہ درخت 8ء5 میٹر طویل ہے جس کے معائنے کے بعد امریکی خاتونِ اول نے اپنے دونوں ہاتھوں کے انگوٹھے فضا میں بلند کرکے اس کی منظوری دی۔
مذکورہ درخت امریکی ریاست وسکونسن کے رہائشی کسان میاں بیوی کی جانب سے وہائٹ ہاؤس بھجوایا گیا ہے جو اس مقصد کے لیے 'نیشنل کرسمس ٹری ایسوسی ایشن' کے زیرِ اہتمام ہونے والا مقابلہ جیت کر اس اعزاز کے حق دار ٹھہرے تھے۔
مذکورہ انجمن کا کہنا ہے کہ اس کے اراکین 1966ء سے ہر برس وہائٹ ہاؤس کوروایتی 'کرسمس ٹری' بھجواتے ہیں جسے قصرِ صدارت کے بلو روم میں نصب کیا جاتا ہے۔