پاکستان کرکٹ ٹیم کےکوچ وقاریونس نےکہا ہےکہ قومی ٹیم کی فیلڈنگ کمزوریوں کاشکار ہےجس کے متعلق انہیں تشویش لاحق ہے۔
سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران وقار یونس نےقومی ٹیم کی بالنگ کو اطمینان بخش قرار دیا۔ تاہم، اُن کا کہنا تھا کہ وہ ٹیم کی فیلڈنگ کےمتعلق تشویش کا شکار ہیں۔
قومی ٹیم کے کوچ کا کہنا تھا کہ ٹیم میں اِس بات کا شعوراجاگر کرنا ہوگا کہ فیلڈنگ بھی کھیل کے اہم ترین حصوں میں سےایک ہےجس پر توجہ دے کر بہتر بنانا ہوگا۔
وقار یونس نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ قومی ٹیم اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کےاثرات سےباہر نکل آئی ہے اور ورلڈ کپ کے دوران مزید کسی تنازعہ کا شکار نہیں ہوئی۔
پاکستانی ٹیم کی بالنگ سائیڈ کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے وقار یونس نے عندیہ دیا کہ فاسٹ بالر شعیب اختر کو کینیڈا کے خلاف میچ کے دوران ریسٹ دیا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ابھی تک کینیڈا کے خلاف جمعرات کو ہونے والے میچ کیلئے اسکواڈ کا حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے تاہم ان کے بقول وہ شعیب اختر کو اگلے میچ کے دوران ریسٹ دینے پر غور کررہے ہیں تاکہ فاسٹ بالر کی کارکردگی کو برقرار رکھا جاسکے۔
فاسٹ بالر شعیب اختر ماضی میں مختلف ٹورنامنٹس کے دوران انجریز کا شکار ہوکر اَن فِٹ ہوتے رہے ہیں تاہم ورلڈ کپ کے ابتدائی دو میچز میں اُن کی فٹنس اور کارکردگی اطمینان بخش رہی ہے۔