رسائی کے لنکس

ہاکنگ کے مقالے کے باعث کیمبرج یونیورسٹی کی ویب سائٹ کریش


اسٹیفن ہاکنگ کی رواں مارچ میں ایک تقریب کے دوران لی جانے والی تصویر
اسٹیفن ہاکنگ کی رواں مارچ میں ایک تقریب کے دوران لی جانے والی تصویر

لوگوں کے مسلسل رش کے باعث پیر کو پورا دن یونیورسٹی کی ویب سائٹ بار بار بند ہوتی رہی۔

معروف طبعیات دان اسٹیفن ہاکنگ کے ڈاکٹریٹ کے مشہور مقالے کو پڑھنے والوں کے رش کے باعث برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی کی ویب سائٹ کریش کرگئی ہے۔

کیمبرج یونیورسٹی نے پیر کو پہلی بار پروفیسر ہاکنگ کا مشہور مقالہ "پراپرٹیز آف ایکسپنڈنگ یونیورسز' (مسلسل بڑھنے والی کائناتوں کی خصوصیات) اپنی ویب سائٹ پر جاری کیا تھا جس پر انہیں 1966ء میں پی ایچ ڈی کی ڈگری دی گئی تھی۔

یونیورسٹی کے مطابق پروفیسر ہاکنگ کا یہ مقالہ یونیورسٹی کی لائبریری سے سب سے زیادہ طلب کیا جانے والا آئٹم تھا جس کی مانگ کو پورا کرنے کے لیے پروفیسر ہاکنگ کی اجازت سے اسے آن لائن جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

لیکن پیر کو یہ مقالہ اپ لوڈ ہوتے ہی لگ بھگ 60 ہزار افراد نے اسے پڑھنے کی کوشش کی جس کے باعث کیمبرج یونیورسٹی کی ویب سائٹ بیٹھ گئی۔

لوگوں کے مسلسل رش کے باعث پیر کو پورا دن یونیورسٹی کی ویب سائٹ بار بار بند ہوتی رہی۔

اپنے اس مقالے میں اسٹیفن ہاکنگ نے کائنات کے آغاز اور اس کے مسلسل بڑھنے اور پھیلنے سے متعلق اپنا نظریہ پیش کیا تھا جو آج بھی مشہور ہے۔

پچاس سال قبل لکھے جانے والے اس مقالے کے وقت ہاکنگ کی عمر صرف 24 سال تھی۔

جسمانی معذوری کا شکار اسٹیفن ہاکنگ دنیا کے معروف ترین ماہرِ طبعیات اور کائنات سے متعلق علوم کے ماہر ہیں جن کی 1988ء میں چھپنے والی کتاب "اے بریف ہسٹری آف ٹائم" (وقت کی مختصر تاریخ) کی اب تک ایک کروڑ سے زائد جلدیں فروخت ہوچکی ہیں۔

اپنے مقالے کے آن لائن اجرا کے موقع پر پروفیسر ہاکنگ نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ ان کے اس مقالے کو دنیا بھر میں پڑھنے والے افراد اپنے قدموں کو دیکھنے کے بجائے اوپر نظریں اٹھائیں گے اور آسمان پر دمکتے ستاروں کو دیکھیں گے اور اس وسیع کائنات میں اپنے مقام پر غور و فکر کریں گے۔

XS
SM
MD
LG