رسائی کے لنکس

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی شادی کی تصدیق


چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پاکپتن کی معروف روحانی شخصیت بشریٰ بی بی سے تیسری شادی کرلی ہے. 64 سالہ عمران خان کی تیسری اور48 سالہ بشریٰ بی بی کی یہ دوسری شادی ہے۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح مفتی سعید نے اتوار کو لاہور میں پڑھایا جس میں کپتان کے قریبی رشتہ دار اور ساتھیوں عون چوہدری اور زلفی بخاری نے جب کہ بشریٰ بی بی کی جانب سے بھی کچھ عزیز و اقارب نے شرکت کی.

ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری نے عمران خان کی تیسری شادی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے درمیان نکاح اتوار کو مختصر اور سادہ سی تقریب میں ہوا جس میں دونوں جانب سے مخصوص رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے ٹوئٹر پر عمران خان کی تیسری شادی کی تصاویر جاری کی گئی ہیں اور انھیں شادی کی مبارک باد دی گئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی اس ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے بشریٰ مانیکا نے ٹوئٹر پر لکھا’اللہ کے فضل و کرم سے ہم ایک نئی زندگی شروع کر رہے ہیں۔آپ کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق نے عمران خان کی شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ پہلے عمران خان نے بشریٰ بی بی کوشادی کا پیغام بھیجا تھا اور اب شادی ہوگئی ہے۔ انشا اللہ عمران خان کا نکاح پورے ملک کے لیے مبارک ثابت ہوگا۔

عمران خان کی شادی کے حوالے سے خبریں گزشہ ماہ سامنے آئی تھیں۔ تاہم پی ٹی آئی اور عمران خان کی جانب سے اس کی تردید کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ عمران خان نے ابھی بشریٰ بی بی کو شادی کا پیغام بھیجا ہے۔

اس وقت پی ٹی آئی کی جانب سے عمران خان کی شادی کو ان کا نجی اور ذاتی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اگر مانیکا بشریٰ ان کی شادی کی پیشکش کو قبول کرتی ہیں تو عمران خان باقاعدہ طور پر عوام کو اس سے آگاہ کریں گے۔ تب تک ہم میڈیا سے التماس کرتے ہیں کہ وہ دونوں خاندانوں خاص طور پر بچوں کو وقت دیں۔

عمران خان نے پہلی شادی 16 مئی 1995 کو جمائما خان سے کی جو 9 برس بعد 22 جون 2004 کو طلاق پر ختم ہوئی۔ ان کی دوسری شادی ٹی وی اینکر ریحام خان سے ہوئی جو بمشکل 10 ماہ چل پائی۔

XS
SM
MD
LG