رسائی کے لنکس

300 مختلف اقسام کے آم ایک ہی درخت پر اگانے والا بھارتی 'مینگومین'!


بھارت میں ایک کسان آموں کی بولی کے لئے منڈی میں موجود ہے۔ فائل فوٹو اے ایف پی
بھارت میں ایک کسان آموں کی بولی کے لئے منڈی میں موجود ہے۔ فائل فوٹو اے ایف پی

بھارت کے شہر لکھنؤ کے نواح میں ایک شہری نے پھلوں کی ایک نرسری میں ایک ایسا دیو ہیکل درخت اگایا ہے، جس پر تین سو مختلف اقسام کے آم لگتے ہیں۔ آم کے پیڑ کو قریب سے دیکھنے پر یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ اس کی مختلف شاخوں پر مختلف اقسام کے پتے اگ رہے ہیں۔ ان شاخوں پر اگنے والے آم بھی ایسے ہی ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہیں۔

سیاحت کی خبریں دینے والے بین الاقوامی ویب سائٹ ’ایٹلس ایبسکیورا‘ کی رپورٹ کے مطابق 80 برس کے بھارتی شہری کلیم اللہ خان نے، جنہیں ’’مینگو مین‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، یہ درخت انتھک محنت کے بعد اگایا۔

رپورٹ کے مطابق انہوں نے 1987 میں ایک سو برس پرانے آم کے درخت پر مختلف قسموں کی قلمیں لگانا شروع کیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے بھارت بھر سے 300 سے زائد اقسام کی قلمیں منگوا کر اس درخت پر لگائی ہیں۔ اس منفرد درخت کو انہوں نے المقرر کا نام دیا ہے۔ ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’یہ معجزانہ درخت صرف ایک درخت ہی نہیں، بلکہ اپنے آپ میں ایک باغ ہے، یہ تو پوری کائنات ہے۔‘‘

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ صرف 17 برس کے تھے، جب انہوں نے پہلی بار ایک درخت میں سات مختلف قسم کے آموں کی قلمیں لگائی تھیں۔ لیکن سیلاب کی وجہ سے اس درخت کے تباہ ہو جانے کا انہیں بہت صدمہ ہوا تھا۔ لیکن ان کے مطابق انہوں نے ہمت نہ ہاری اور آم کے درخت میں مختلف اقسام کی قلمیں لگا کر مزید تجربات کئے۔

ویب سائٹ کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پرندوں کو ڈرا کر بھگانے پر یقین نہیں رکھتے۔ بقول کلیم اللہ خان کے قدرت کی کھیتی سب کے لیے ہے۔

کلیم اللہ نہ صرف پودوں میں پیوندکاری کرتے ہیں بلکہ آم کی نئی اقسام اگانے کے تجربات بھی کرتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق انہوں نے ایک آم کی قسم کا نام بھارت کے وزیراعظم نریندرا مودی کے نام پر نامو آم رکھا۔ ایسے ہی انہوں نے آموں کی اقسام کے نام ایشوریا رائے اور سچن تندولکر کے نام پر رکھے۔

حال ہی میں انہوں نے ایک آم کی دو نئی اقسام پیدا کی ہیں جن کا نام ڈاکٹر آم اور پولیس آم ہے۔ ایسا انہوں نے ان شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی کرونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران خدمات کو خراج تحسین دینے کے لیے کیا۔

یاد رہے کہ بھارت دنیا بھر میں آموں کو برآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے جو دنیا کے آموں کا 40 فیصد ہے۔ بھارت میں آموں کی ایک ہزار سے زائد اقسام پیدا ہوتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG