پاکستان کے وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورۂ پاکستان سازش کے تحت ختم کیا گیا ہے۔
اسلام آباد سے وائس آف امریکہ کے نمائندے عاصم علی رانا کے مطابق شیخ رشید نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستان نے نیوزی لینڈ کرکٹ کے ذمہ داران کو پاکستان میں تماشائیوں کے بغیر کھیلنے کی بھی پیش کش کی تھی البتہ مہمان ٹیم کی انتطامیہ اس پر قائل نہ ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ تماشائیوں کی موجودگی کے بغیر کھیلنے کی پیشکش مسترد کیے جانے پر تاجکستان میں موجود وزیرِ اعظم عمران خان سے رابطہ کیا گیا اور انہوں نے نیوزی لینڈ کی ہم منصب جسنڈا آرڈرن سے بھی رابطہ کیا۔
شیخ رشید کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کا کوئی خطرہ نہیں البتہ انہیں یہ اطلاع ملی ہے کہ ٹیم گراؤنڈ سے باہر نکلے گی تو اس پر حملہ ہو سکتا ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم سے متعلق ہمیں کوئی تھریٹ موصول نہیں ہوئی۔ اس دورے کو ایک سازش کے تحت ختم کیا گیا اور جس نے یہ سازش کی ہے اس کا بتانا ابھی مناسب نہیں۔
البتہ شیخ رشید نے اشارةََ کہا کہ دستانے پہنے ہوئے ہاتھ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانا چاہتے تھے تاہم انہوں نے اس کی وضاحت نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے دورے کی منسوخی سے پاکستان کی امن و امان کے لیے کی گئی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 18 برس بعد پاکستان کے دورے پر تھی۔ اس دورے کے دوران مہمان ٹیم کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تین ون ڈے اور لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے تھے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے دورہٴ پاکستان کی منسوخی کے بعد انگلینڈ کے دورہٴ پاکستان پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ امید ہے کہ انگلش کرکٹ ٹیم شیڈول کے مطابق پاکستان کا دورہ کرے گی۔ ان کے بقول انگلینڈ ٹیم بھی سیکیورٹی تھریٹ جیسی باتوں پر غور کر رہی ہے اور وہ جو بھی فیصلہ کریں گے ہم اس کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد میں وزارتِ داخلہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او وسیم خان نے وائس آف امریکہ کے نمائندے عاصم علی رانا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ افسوسناک صورتِ حال ہے۔
ان کے مطابق پی سی بی کی ہر طرح سے تیاریاں مکمل تھیں۔ دورہ منسوخ ہونا افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم ابھی اسلام آباد میں ہی ہے اور ہفتے کو خصوصی چارٹرڈ پرواز کے ذریعے نیوزی لینڈ واپس روانہ ہوگی۔