رسائی کے لنکس

بیجنگ سرمائی اولمپکس: وفود کی آمد سے کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ، کئی کھلاڑیوں کے خواب ادھورے رہ گئے


بیجنگ اولمپکس فری اسٹائل اسکیئنگ (فوٹو: اے پی)
بیجنگ اولمپکس فری اسٹائل اسکیئنگ (فوٹو: اے پی)

بیجنگ سرمائی اولمپکس کے آغاز سے کچھ روز قبل چین نے ان کھیلوں میں شامل کھلاڑیوں اور متعلقہ اہل کاروں میں کووڈ نائنٹین کے 119 کیسز کی تصدیق کی ہے۔

حکام نے گزشتہ چار روز کے دوران یہ کیسز کے سامنے آنے کے بعد شرکا , عملے اور میڈیا کو عوام سے الگ رکھنے کے لیے "کلوزڈ لوپ" میں (یعنی علیحدہ علیحدہ) رکھا ہے، تاکہ وہ آپس میں میل جول نہ کرسکیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق منتظمین نے پیر کو بتایا کہ اختتام ہفتہ یہ تعداد بڑھ چکی تھی؛ اتوار کو 37 نئے کیسز جب کہ ہفتے کے روز 34 کیسز سامنے آئے تھے۔

زیادہ تر کیسز کھلاڑیوں اور اہل کاروں کے ہوائی اڈے پر پہنچنے کے بعد کیے گئے ٹیسٹس کے نتیجے میں سامنے آئے۔

روسی بائیتھلیٹ والیریا واسنیٹسوا ان تین روسی کھلاڑیوں میں شامل ہیں جن کے ٹیسٹسس مثبت آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیجنگ پہنچنے کے بعد دوسری بارکیے جانے والے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان کے اپنے اولمپک کے خواب بکھر گئے ہیں۔

"بدقسمتی سے، میرا اولمپک خواب صرف ایک خواب ہی رہے گا،" واسنیٹسووا نے سوشل میڈیا پر لکھا۔

مستقبل کے بارے میں سوچتے ہوئے انہوں نے لکھا: "شاید کسی دن مجھے دوبارہ اٹھنے کی طاقت ملے گی، لیکن یہ بالکل مختلف کہانی ہو گی۔"

اتوار کو ہوائی اڈے پر پہنچنے پر جن 28 افراد کے کرونا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ان میں آٹھ کھلاڑی اور اہل کار شامل تھے۔

بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کی رکن ایما ترہو، جو آئی او سی کے ایتھلیٹ کمیشن کی سربراہ ہیں، کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا۔

اب وہ ہفتے کے دن سے تنہائی میں ہیں۔وہ کہتی ہیں:"اگرچہ یہ وہ آغاز نہیں ہے جس کا میں نے تصور کیا تھا، میں بیجنگ 2022 کے پروٹوکول کو دیکھ کر خوش ہوئی ہوں۔"

میزبان چین کے اولمپکس وبائی امراض کی روک تھام اور کنٹرول کے دفتر کے ایک سینئر اہل کار نے منگل کو کہا کہ بیجنگ سرمائی اولمپکس میں کووڈ نائنٹین کی صورتحال متوقع اورقابو میں آنے'' کی حد کے اندر ہے۔

بیجنگ 2022 سرمائی اولمپکس آرگنائزنگ کمیٹی نے 23 جنوری سے اب تک ہوائی اڈے پر آنے والوں اور کھیلوں کے "کلوزڈ لوپ" میں 200 کووڈ کیسز رپورٹ کیے ہیں جو عالمی مقابلو ں کے تمام عملے بشمول کھلاڑیوں کو عوام سے الگ کرتے ہیں۔

کمیٹی کے وبائی امراض کی روک تھام اور کنٹرول آفس کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ہوانگ چون نے ایک نیوز بریفنگ میں بتایا، "جیسے جیسے زیادہ لوگ چین میں داخل ہو رہے ہیں، کووڈ کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔"

بہت سے کھلاڑیوں کو ہوائی اڈے پر پہنچنے پر ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد چار سے بیس فروری تک جاری رہنے والے مقابلوں کو خیر باد کہنا پڑا ہے، جب کہ دیگر شرکا جن میں علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں انہیں الگ تھلگ رکھا جا رہا ہے۔

(خبر کا مواد رائیٹرز سے لیا گیا ہے)

XS
SM
MD
LG