امریکہ میں تیز اور جمنے والی بارشوں اور شدید برف باری کے ساتھ منگل کو شروع ہونے والے ایک بڑے سرد طوفان سے ایک لاکھ سے زیادہ گھروں اور تجارتی مراکز میں بجلی منقطع ہوگئی ہے اور مصروف ڈیلاس فورٹ فورتھ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک ہزار سے زائد پروازوں میں خلل پڑا ہے۔
امریکہ میں نیو میکسیکو سے مین تک کا علاقہ اس طوفان کی زد میں ہے جو وسطی امریکہ سے مزید جنوب اور شمال کی جانب بڑھ رہا ہے۔ جنوبی روکیز سے شمالی نیو انگلینڈ کے درمیان شدید برف باری کی توقع کی جارہی ہے جب کہ پیشنگوئی ہے کہ ٹیکساس سے پنسلوانیا تک بھاری برف باری کا امکان ہے ۔
ریاست میری لینڈ کے شہر کالج پارک میں قائم نیشنل ویدر سروس کے ماہر موسمیات اینڈریو اور یسن نے جمعرات کو بتایا کہ ریاست کا ایک بڑاعلاقہ برف سے ڈھک سکتا ہے اورسیع علاقے میں برف پڑنے کے ساتھ ساتھ اور برفانی بارش بھی متوقع ہے۔
اوریسن نے بتایا کہ ریاست اوہائیو، نیویارک اور شمالی نیو انکلنڈ کے کچھ حصوں میں بھی شدید برف باری کی توقع ہے کیونکہ طوفان مشرق کی طرف بڑھ رہا ہے او ر جمعہ کو بعض مقاما ت پر بارہ سے اٹھارہ انچ تک برف پڑسکتی ہے۔
طوفان کی پیشنگوئی کے مرکز نے کہا ہے کہ طوفان کے کچھ حصوں میں تیز گرج وچمک کے ساتھ چلنے والی ہواؤں کے جھکڑ اور بگولے مسسی سیپی اور الاباما کے بعض علاقوں کو جمعرات کی صبح نقصان پہنچاسکتے ہیں۔ جنوبی راکیز میں بیس انچ سے زائد برف پڑنے کی اطلاع ملی ہے جبکہ الینوائے ، انڈیانا اور مشی گن کے علاقوں میں ایک فٹ سے زیادہ برف پڑی ۔
ڈیلاس فورٹ ورتھ کے علاقے اور اوکلاہاما اور ارکنساس کے کچھ حصوں میں آج جمعرات کوتیزجمنے والی بارش ہو ئی۔ ایک ویب سائٹ پاور اورٹیج ڈاٹ یوایس کے مطابق ایک لاکھ سے زیادہ گھر اور تجارتی مراکز ، جن میں سے زیادہ تر ٹیکساس ، ٹینسی اور ارکنساس میں ہیں، بجلی سے محروم ہیں۔
اوریسن نے کہا کہ بدقسمتی سے نظر آرہاہے کہ بہت زیادہ برف باری ہو گی اور مسافروں کے سفر میں خلل پڑے گا۔ جمعرات کو ٹیننسی کے مغربی حصے میں برف باری کے بعد برف کا انجماد شروع ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں بجلی غائب ہوگئی اور سڑکوں کی صورتحال خطرناک بن گئی ہے۔ درخت برف کے بوجھ تلے دب گئے ہیں اور ان کی شاخیں ٹوٹ کر گر گئی ہیں۔ پارک کی گئی کاروں پر برف کی تہیں دکھائی دے رہی ہیں اور میمفس کے اطراف میں کچھ کاروں کے برف میں پھننے کی اطلاع بھی ہے۔
ٹیکساس میں جمعرات کی صبح 70 ہزار گھروں میں بجلی نہیں تھی ، سان انتونیو میں، جہاں جمعرات کی صبح تقریبا 30 ہزار گھر بجلی سے محروم تھے، حکام نے کہا کہ یہ مقامی نوعیت کا خلل تھا مرکزی گریڈ لائن کی خامی نہیں تھی۔
سائرکاؤس میں نیشنل ویدر سروس آفس کی میڑولوجسٹ جننا کارپنٹر نے بتایا کہ جنوبی علاقے انڈیانا میں بدھ کو ،گیارہ اعشاریہ دو انچ برف باری ریکارڈ کی گئی ۔انھوں نے کہا کہ طوفان کے آگے بڑھ جانے کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہوگی لیکن ساتھ ہی ہڈیوں تک کو منجمد کرنے والی ہوا ئیں چلیں گی، اس لیےبرف فوری پگھلنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
برف باری کے بعد علاقے میں شدید سردی ہے، کینساس کے لوگوں کو آج صبح خطرناک ٹھنڈی ہواؤں کا سامنا ہوا۔ نیو میکسکو کے کچھ علاقوں میں اسکول اور غیر اہم سرکاری ادارے سڑکوں کی صورتحال کی وجہ سے بند ہیں۔
تباہ کن طوفان منگل کو شروع ہونے کے بعد بدھ کو امریکہ کے اکثر علاقوں تک پھیل گیا۔ امریکہ میں بدھ اور جمعرات کو تقریباً سات ہزار پروازوں کو دوبارہ شیڈول کرنا پڑا جب کہ تقریبا ایک ہزار پروازیں صرف ڈیلاس فورٹ ورتھ ایئرپورٹ سے منسوخ ہوئیں، جب کہ دیگر ایئرپورٹ پر بھی تقریبًا تین سو پروازیں منسوخ ہوئیں۔
(خبر کا مواد اے پی سے لیا گیا)