رسائی کے لنکس

پی ایس ایل: لیگ میچز کے نہ بھلائے جانے والے 10 لمحات


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے کابدھ سے آغاز ہو رہا ہے اور ایونٹ کی چار بہترین ٹیمیں ٹرافی کی دوڑ میں مدمقابل ہوں گی۔

اس سے قبل ایونٹ کے پہلے مرحلے میں 30 میچز کھیلے گئے جس میں کئی کا فیصلہ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہوا۔ آخری لیگ میچ میں شاہین آفریدی کی ناقابل یقین بلے بازی ہو، یا آغاز کے میچز میں محمد حفیظ کے ڈراپ کیچ۔ اس مرحلے کے چند نہ بھلائے جانے والے لمحات شائقین کو طویل عرصے تک یاد رہیں گے۔

1۔ شاہین آفریدی کے چھکے

پی ایس ایل سیون کے آخری لیگ میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان اور فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے اپنی بیٹنگ کی صلاحیتوں کا بھی بھرپور مظاہرہ کیا۔ انہوں نے تباہ کن بلے بازی سے نہ صرف پشاور زلمی کے خلاف میچ برابر کیا بلکہ شائقین کرکٹ کو بھی حیران کیا۔

آخری اوور میں جب ان کی ٹیم کو جیت کے لیے چھ گیندوں پر 24 رنز درکار تھے۔ انہوں نے تین بلند و بالا چھکے مار کر 'بوم بوم' شاہد آفریدی کی یاد تازہ کی۔

محمد عمر کی جانب سے پھینکے گئے اس آخری اوور کی دوسری گیند پر چوکا، تیسری ،چوتھی اور آخری گیند پر چھکے مار کر شاہین آفریدی نے دونوں ٹیموں کا اسکور برابر کردیا اور میچ کا فیصلہ سپر اوور تک چلا گیا۔

گو کہ لاہور قلندرز کو سپر اوور میں شکست ضرور ہوئی لیکن شاہین کی ناقابلِ یقین بلے بازی لوگوں کو کافی عرصے تک یاد رہے گی۔

2۔ حارث رؤف کا کامران غلام کو پہلے تھپڑ،پھر پیار

پی ایس ایل کے آخری گروپ میچ میں ہی فاسٹ بالر حارث رؤف کی جانب سے ساتھی کھلاڑی کامران غلام کو تھپڑ رسید کرنے کا واقعہ پیش آیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب حارث رؤف کی گیند پر کامران غلام نے ایک آسان کیچ چھوڑ دیا تھا۔

میچ ریفری علی نقوی نے حارث رؤف کو تنبیہ کرنے کے بعد چھوڑ دیا لیکن سوشل میڈیا پر اس تھپڑ کی گونج سنائی دی اور حارث رؤف کے فعل پر خوب تنقید ہوئی۔

پشاور زلمی کے خلاف اسی میچ میں بعد میں جب کامران غلام کی ڈائریکٹ تھرو پر وکٹ گری، تو حارث رؤف نے جاکر ساتھی کھلاڑی کو پیار بھی کیا۔

3۔محمد رضوان کا شاہین آفریدی کو جواب

ایونٹ کے دوران ایک میچ میں اس وقت دلچسپ صورتِ حال پیدا ہوئی جب ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان اور لاہور قلندرز کے قائد شاہین شاہ آفریدی آمنے سامنے آئے۔

شاہین نے اپنی ہی بالنگ پر فیلڈنگ کرتے ہوئے بال اٹھانے کی کوشش کی لیکن ناکامی پر ایسے ظاہر کیا جیسے وہ غصے میں ہیں، اور گیند ان کےہاتھ میں ہے، جسے وہ بلے باز کی طرف پھینک رہے ہیں۔

ایسے میں مخالف بلے باز محمد رضوان نے مسکرا کر ان کے اس فعل کا جواب دیا، اور باہیں پھیلا کر انہیں بال پھینکنے کی اجازت دی۔ دونوں کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ شائقین بھی اس یادگار لمحے پر زور سے ہنسے بغیر نہ رہ سکے۔

4۔بین کٹنگ کے انٹرویو کے دوران حسن علی کی مداخلت

یہ تو سب جانتے ہیں کہ پاکستان سپر لیگ سیون کی آسٹریلوی پریزینٹر ایرن ہالینڈ اور پشاور زلمی کے بین کٹنگ میاں بیوی ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ کے بعد جب ایرن ہالینڈ اپنے شوہر سے ان کی اچھی کارکردگی پر بات کررہی تھیں تو حسن علی کی مداخلت پر سب کے چہرے کھل گئے۔

حسن علی نے انٹرویو کے دوران مداخلت کرتے ہوئے ایرن سے سوال کیاکہ وہ ہمیشہ اپنے ہی شوہر کا انٹرویو کیوں کرتی ہیں؟ جس پر بین کٹنگ اور ایرن ہالینڈ سمیت تمام لوگ ہنس پڑے۔

5۔شاہنواز داہانی اور علیم ڈار کی دلچسپ ریس

ملتان سلطانز کے فاسٹ بالر شاہنواز داہانی کو جہاں ان کی تیز رفتاری کی وجہ سے سب جانتے ہیں، وہیں ان کے جشن منانے کا منفرد اسٹائل بھی کافی مقبول ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ کے دوران وکٹ لینے کے بعد بھی وہ جشن منانے ہی نکلے تھے کہ ان کی اس کاوش کو بریک لگ گیا۔

کوئٹہ کے نسیم شاہ کی وکٹ لینے کے بعد داہانی نے معمول کے مطابق دوڑ تو لگائی لیکن امپائر علیم ڈار نے بالر کا راستہ روکنے کی کوشش کی لیکن وہ داہانی کو پکڑ نہ سکے۔علیم ڈار کی اس ناکام کوشش کی ویڈیو نہ صرف وائرل ہوئی بلکہ اسے ایونٹ کے یادگار لمحوں میں بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔

6۔کسی اور کا کیچ

پشاور زلمی کے متبادل وکٹ کیپر محمد حارث نے ایونٹ میں ایک نہیں بلکہ دو بار ایسا کیچ پکڑا جو کسی اور کھلاڑی کے ہاتھ سے ہوتا ہوا ان تک پہنچا۔ ایک بار انہوں نے یہ کارنامہ وکٹ کے پیچھے اور ایک مرتبہ فیلڈ میں انجام دیا جس سے شائقین بے حد محظوظ ہوئے۔

یہی نہیں، محمد حارث نے بیٹنگ کرتے ہوئے بھی اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور ایونٹ کی پہلی نصف سینچری صرف 18 گیندوں پر اسکور کرکے اسے یادگار بناڈالا۔

7۔محمد حفیظ کا کیچ چھوڑنے پر تبصرہ

پروفیسر کے نام سے مشہور لاہور قلندرز کے محمد حفیظ نے ایونٹ میں جہاں کئی ناقابل یقین کیچز پکڑے وہیں کئی آسان کیچز بھی چھوڑے۔ ایونٹ کے آغاز میں انہوں نے پشاور زلمی کے خلاف میچ میں ایک ایسا کیچ گرایا جسے ساتھی فیلڈر فخر زمان بھی پکڑنا چاہ رہے تھے۔ بعد میں دونوں نے ایک ویڈیو کے ذریعے اس پر تبصرہ بھی کیا۔

یہی نہیں، ایونٹ کے 27ویں میچ میں جب اپنی ہی بال پر حفیظ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیئم ڈوسن کا آسان کیچ گرایا تو انہوں نے اس کا ذمہ دار بلے باز کے پیچھے اسکرین کو قرار دیا، جس پر فیلڈ پر موجود کھلاڑی اپنی ہنسی پر قابو نہ رکھ سکے۔

8۔بین کٹنگ کا سہیل تنویرسے مقابلہ

پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ میں اس وقت دلچسپ صورتِ حال پیدا ہوئی جب آل راؤنڈر بین کٹنگ اور سہیل تنویر ایک دوسرے سے الجھ پڑے۔بین کٹنگ نے سہیل تنویر سے ایک ایسے واقعے کا بدلہ لیا جو چار سال قبل کیربیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کے دوران پیش آیا تھا۔

اس وقت سہیل تنویر نے آسٹریلوی اسٹار کو آؤٹ کرکے انگلیوں کا اشاروں کیا تھا ، جس کا بدلہ کٹنگ نے پی ایس ایل سیون کے دوران لیا۔بین کٹنگ نے یہ اشارہ سہیل تنویر کے ایک اوور میں 4 بلند و بالا چھکے لگانے کے بعد کیا، تاہم اگلے ہی اوور میں وہ آؤٹ ہوئے، اور ان کا کیچ پکڑا۔

دونوں کھلاڑیوں کی نوک جھونک پر سوشل میڈیا میں کئی میمز بنے، تاہم کچھ لوگوں نے اس پر اعتراض بھی کیا۔

9۔رائلی روسو کی شاندار بلے بازی کے بعد 'بیٹ ڈراپ'

جنوبی افریقہ کے سابق کھلاڑی رائلی روسو ہر سال پی ایس ایل میں حصہ لیتے ہیں اور اپنی جارح مزاج بلے بازی سے شائقین کا دل بھی جیتتے ہیں۔ اس بار بھی انہوں نے ملتان سلطانز کی نمائندگی کرتے ہوئے کافی رنز اسکور کیے لیکن ان کا انداز کراچی کنگز کے خلاف میچ میں یادگار بن گیا۔

میچ کے آخری دو اوورز میں رائلی روسو نے خوشدل شاہ کے ساتھ مل کر 29 رنز بناکر کراچی کنگز کو شکست سے دو چار کیا۔ آخری اوور کی تیسری گیند پر گیند کو باؤنڈری سے باہر پھینک کر انہوں نے کیمرے کودیکھ کر اپنا بیٹ زمین کی جانب چھوڑا، ان کے اس اسٹائل نے جہاں 2017 میں گرینٹ ایلیٹ کے 'بیٹ ڈراپ' کی یاد تازہ کی، وہیں سوشل میڈیا پر ان کا یہ ایکشن وائرل بھی ہوگیا۔

10۔جیمز فاکنر کا پی ایس ایل سے دست بردار ہونا

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے جیمز فاکنر پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل کی انتظامیہ نے ہمیشہ کے لیے پابندی عائد کرد ی ہے۔ جیمز فاکنر نے اپنی ٹیم مینجمنٹ پر الزام لگایا تھا کہ انہیں پی ایس ایل سیون میں کھیلنے کے لیے رقم ادا نہیں کی گئی۔ مینجمنٹ کے مطابق انہیں 70 فی صد رقم ادا کی جاچکی ہے۔

رقم کی ادائیگی کو جواز بنا کر پی ایس ایل سے دست بردار ہونے والے جیمز فاکنر نے ہوٹل کے فانوس پر ہیلمٹ مارا وہیں ائیرپورٹ جاتے ہوئے ہلڑ بازی بھی کی۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG